فیصل آباد کی تحصیل سمندری سے گزشتہ روز لاپتہ ہونے والی بچی کی تلاش کا عمل جاری تھا کہ بچی کی لاش کو ہمسائے کے گھر کی چھت سے برآمد کرلیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فیصل آباد کی تحصیل سمندری میں 10 سالہ ایمان فاطمہ گزشتہ روز دکان پر گئی اس کے بعد اس کا کچھ پتہ نہیں چل پا رہا تھا، تلاش کرنے پر 24 گھنٹے بعد تشدد زدہ لاش کو ہمسائے کی چھت سے برآمد کیا گیا۔
مقتول بچی کے ورثاء کے مطابق ہمسائے نے دکان پر چاول لینے بھیجا، دکان والے سے پوچھا تو اس نے کہا بچی واپس چلی گئی، تلاش کے بعد جب کہی نہیں ملی تو مقدمہ درج کرایا اور آج صبح بچی کی لاش برآمد ہوئی۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جبکہ 4 مشکوک افراد کو بھی حراست میں لے لیا ہے۔ پولیس کے مطابق بچی کو جنسی زیادتی کے بعد گلا دبا کر قتل کیا گیا۔
مزید پڑھیں:اے این ایف کا مُلک بھر میں منشیات کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری
ایس ایس پی اپریشن عبداللہ کے مطابق کچھ مشکوک افراد کو گرفتار کرکے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے، افسوسناک واقعے میں ملوث ملزم کو کسی صورت نہیں بخشا جائے گا۔