کراچی: شہر قائد کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں نالے میں گر کر معصوم بچہ اپنی زندگی کی بازی ہار گیا، ریسکیو حکام نے بچے کی لاش نالے سے باہر نکال لی۔
ذرائع کے مطابق اورنگی ٹاؤن میں والدین کے ہمراہ موٹر سائیکل سے نالے میں گرنے والے بچے کی لاش کو ریسکیو حکام نے سخت جدوجہد کے بعد باہر نکال لیا۔
افسوسناک واقعہ گزشتہ شب اورنگی ٹاؤن میں پیش آیا جہاں نالے پر حفاظتی دیوار نہ ہونے کے باعث 2 سالہ اذان اور اُس کے والدین کی موٹر سائیکل نالے میں جاگری تھی۔
متاثرہ خاندان کے مطابق موٹر سائیکل گرنے کے بعد ماں باپ تو کسی طرح باہر نکل آئے مگر ان کے لخت جگر کی لاش ریسکیو اہلکاروں کو کئی گھنٹے بعد ملی،بارش کے بعد پانی جمع ہوا تو نالے پر بنے پل کی پختہ سطح اور نالے کے پانی کی سطح برابر ہوگئی۔
مزید پڑھیں:ڈی آئی خان اور ٹانک میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 3 دہشتگرد ہلاک
علاقہ مکینوں نے مطالبہ کیا ہے کہ نالے کے اطراف میں دیوار قائم کی جائے تاکہ شہریوں کی جان محفوظ رہ سکے۔ بچے کی نماز جنازہ گھر کے قریب مسجد میں ادا کردی گئی۔