راولپنڈی: پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ چیلنجز کے باوجود الحمدللہ آج پاکستان کی سرحدیں محفوظ ہیں، مسلح افواج کسی بھی صورت حال سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں۔
آئی ایس پی آر کے جاری کردہ بیان کے مطابق سپہ سالار نے یہ بات دفاع اور کشمیر سے متعلق پارلیمانی کمیٹیوں کے ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے کی جنہوں نے آج جی ایچ کیو کا دورہ کیا۔ کمیٹیوں کے ارکان کو سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔
جی ایچ کیو آئے ہوئے وفد کو سرحدوں کی صورتحال اور پاک فوج کی امن کوششوں سے متعلق آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے سپہ سالار نے کہا کہ مسلح افواج نے عوامی حمایت سے دہشتگردی کیخلاف کامیابیاں حاصل کیں۔
سپہ سالار نے کہا کہ مسلح افواج عوامی حمایت سے ملکی صورتحال معمول پر لے کر آئیں، مغربی سرحد پر بارڈر مینجمنٹ کے تحت بروقت اقدامات کیے، چیلنجز کے باوجود الحمدللہ آج پاکستان کی سرحدیں محفوظ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہرصورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں۔
مزید پڑھیں: آرمی چیف سے سعودی مسلح افواج کے سربراہ کی ملاقات، علاقائی سیکورٹی پر تبادلہ خیال