کراچی میں کے پی او پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کی شناخت ہوگئی ہے۔ سکیورٹی فورسز کے جوانوں نے پولیس چیف کے دفتر پر حملہ ناکام بنا دیا۔
تفصیلات کے مطابق سکیورٹی فورسز نے عمارت میں موجود تمام 3 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ آپریشن میں 1 رینجرز اہلکار، ایک پولیس اہلکار اور 2 سویلین ملازمین سیت 4 افراد نے جامِ شہادت نوش کیا۔
کے پی او آفس کا کنٹرول حاصل کرلیا ہے، آئی جی سندھ
ملک دشمن دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں رینجرز کے 9 اور پولیس کے 8 اہلکاروں سمیت 19 افراد زخمی بھی ہوئے۔ دہشت گرد پولیس چیف آفس کے عقبی ایریا میں گاڑی کھڑی کرکے عمارت میں داخل ہوئے تھے۔
حملہ کرنے والے دہشت گردوں کی شناخت کا عمل مکمل کر لیا گیا۔ بی ڈی ایس حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے 2 خودکش جیکٹس اور 8 دستی بم برآمد ہوئے جو ناکارہ حالت میں تھے۔
بم ڈسپوزل اسکواڈ (بی ڈی ایس) نے دہشت گردوں کے زیرِ استعمال گاڑی کو بھی کلیئر کردیا۔دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں کراچی کا علاقہ صدر گھنٹوں فائرنگ اور دھماکوں سے گونجتا رہا۔
کے پی او پر حملہ کرنے والے 2 دہشت گردوں کی شناخت ہوگئی۔ خودکش بمبار کی شناخت زالا نور کے نام سے ہوئی جس کا تعلق وزیرستان سے تھا۔ مقابلے میں مارا گیا دوسرا دہشت گرد کفایت اللہ لکی مروت کا رہائشی تھا۔
دہشت گردوں کی تلاش کیلئے ڈرون کا استعمال کیا گیا۔ ایس ایس یو کے ڈرون کی فوٹیجز بھی سامنے آگئی ہیں۔ فوٹیج میں دہشت گردوں کو فائرنگ کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ فوٹیج کی مدد سے دہشت گردوں کی پوزیشن کا تعین کیا گیا۔