بنوں: لکی مروت میں دہشت گردوں نے تھانہ صدر اور ڈی ایس پی کی گاڑی پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں ڈی ایس پی سمیت 4 پولیس اہلکار شہید ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق لکی مروت میں دہشت گردوں نے ڈی ایس پی کی گاڑی اور تھانہ صدر کو حملے کا نشانہ بنایا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ڈی ایس پی اقبال مہمند سمیت 4 پولیس اہلکار شہید جبکہ 6 زخمی ہوئے۔
سی ٹی ڈی کی کارروائی، کالعدم تنظیم کے 5 اہم دہشتگرد گرفتار
لکی مروت پولیس کا کہنا ہے کہ تھانہ صدر اور گاڑی پر حملے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ دہشت گردوں کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن جاری ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ڈی ایس پی تھانہ صدر پر حملے کی اطلاع ملنے پر جائے وقوعہ کی طرف روانہ ہوئے تھے۔ دہشت گردوں نے ان کی گاڑی دھماکے سے اڑا دی۔ جوابی کارروائی کے دوران دہشت گرد فرار ہوگئے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر بڑی کارروائیوں میں کالعدم تنظیم کے 5 اہم دہشت گرد گرفتار کرلیے۔
سی ٹی ڈی پنجاب کے مطابق خفیہ اطلاعات پر گوجرانوالہ، ڈیرہ غازی خان میں کارروائیاں کی گئیں، جن میں کالعدم تنظیم سے وابستہ عبدالمقیت، عابد وحید، گل زمان، رمضان اور اکرام کو گرفتار کرلیا گیا۔
گرفتار دہشتگردوں کے قبضے سے بارودی مواد ، خودکش جیکٹ بنانے کا سامان اور اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔ کالعدم تنظیم سے وابستہ دہشت گردوں کی گرفتاری 33 مشتبہ افراد سے تفتیش کے دوران ممکن ہوئی۔