ملک میں قیامت خیز گرمی، درجہ حرارت 50 ڈگری تک پہنچنے کا خدشہ

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

Temperatures in Pakistan Could Reach to 50°C This Week
FILE PHOTO

اسلام آباد: پاکستان اس ہفتے شدید گرمی کی لہر کی لپیٹ میں ہے ، آج ملک کے کئی علاقوں میں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

ماہرین کے مطابق جمعرات کے روز بعض شہروں میں درجہ حرارت 47 ڈگری تک ریکارڈ کیا جا چکا ہے جو ملک کے تاریخ کے بلند ترین درجہ حرارت کے قریب ہے۔

ماہرین موسمیات کے مطابق اس غیرمعمولی گرمی کی بڑی وجہ ایک طاقتور ہائی پریشر سسٹم ہے جو جنوبی ایشیا میں گرم ہوا کو زمین کی سطح کے قریب روکے ہوئے ہے۔

اس کے نتیجے میں گرمی کی شدت اور دائرہ کار دونوں بڑھ چکے ہیں۔ صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ بھارت، ایران، سعودی عرب سمیت کم از کم 21 ممالک اس وقت غیرمعمولی گرمی کا سامنا کر رہے ہیں۔

درحقیقت، عراق، متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور نائیجر جیسے ممالک میں اپریل کے مہینے میں اب تک کا سب سے زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے۔ پاکستان میں اس وقت گرمی کی شدت معمول سے 4 ڈگری زیادہ ہے۔

ماحولیاتی ماہرین اس صورت حال کو عالمی سطح پر ماحولیاتی تبدیلی (کلائمٹ چینج) کے ایک بڑے رجحان کا حصہ قرار دے رہے ہیں۔ زمین کے درجہ حرارت میں اضافے کے باعث گرمی کی لہریں پہلے سے زیادہ بار، زیادہ شدت کے ساتھ اور طویل دورانیے کی ہوتی جا رہی ہیں۔

یہ تبدیلیاں خاص طور پر ان علاقوں میں لاکھوں لوگوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال رہی ہیں جہاں ایسے حالات سے نمٹنے کی سہولیات محدود ہیں۔

ماہرین صحت کی جانب سے عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ دوپہر کے اوقات میں گھروں کے اندر رہیں، زیادہ سے زیادہ پانی پئیں اور ممکن ہو تو کھلی دھوپ میں جسمانی مشقت سے گریز کریں۔ حکومت نے بھی سخت گرمی کے پیش نظر مقامی اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ کر دیا ہے۔

یہ گرمی کی لہر عالمی حدت (گلوبل وارمنگ) کے بڑھتے ہوئے اثرات کا ایک اور واضح ثبوت ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر فوری اور سنجیدہ اقدامات نہ کیے گئے تو مستقبل میں ایسے شدید موسمی حالات دنیا کے کئی حصوں میں معمول بن سکتے ہیں۔

Related Posts