کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی نے حکومتی اتحادی جماعت ایم کیو ایم کی اہم وکٹ گرا دی ہے۔ متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کی خاتون کارکن تحسین عابدی نے پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی میں شامل ہونے والے مرکزی تنظیم عزاداران پاکستان کے صدر و وائس چیئرمین پاکستان ڈیموکریٹک الائنس و چیئرمین ڈاکٹر ضمیر اختر فاؤنڈیشن سید محمد نقی کی رہائشگاہ پر پریس کانفرنس کے موقع پر ایم کیو ایم سوشل میڈیا پاکستان کی انچارج و سابق سٹی کونسل ممبر اور ایم کیو ایم کی سرگردہ رہنماء تحسین عابدی نے بھی پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔
تحسین عابدی کا کہنا تھا کہ اس وقت اگر اس ملک میں حقیقی طور پر کوئی سیاسی جماعت ہے تو وہ پیپلزپارٹی ہے جو شہر کراچی ، صوبے اور ملک کے لئے درد رکھتی ہے ، یہی وجہ ہے کہ میں آج اس پارٹی کا حصہ بننے پر دلی خوشی محسوس کررہی ہوں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روزپاک سرزمین پارٹی کی سابق ایم پی اے سمیتا افضل نے پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کرلی ، پیپلزپارٹی کی قیادت نے ان کی شمولیت کا خیرمقدم کیا ہے۔ پاک سرزمین پارٹی کی رہنماء سابق رکن سندھ اسمبلی سمیتا افضل نے پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت سے ملاقات کی، جس میں سمیتا افضل نے آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی قیادت پر اظہار اعتماد کرتے ہوئے پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں : اپوزیشن حکومت مخالف تحریک پر توجہ دے، بلاول بھٹو نے سی ای سی اجلاس مؤخر کردیا