پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد اور سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف اور اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف کے کزن طارق شفیع لاہور میں انتقال کر گئے جنہیں سپردِ خاک کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملک کے نامور صنعت کار، ن لیگی رہنما عابد شیر علی کے ماموں، شہباز شریف کے ہم زلف اور ن لیگی رہنما سہیل ضیاء بٹ کے بہنوئی میاں طارق شفیع کا انتقال ہارٹ اٹیک کے باعث گزشتہ روز ہوا۔
بعد ازاں معروف صنعت کار میاں طارق شفیع کی نمازِ جنازہ ماڈل ٹاؤن لاہور میں ادا کردی گئی، شہباز شریف اور رشتہ داروں سمیت دیگر کاروباری و سیاسی شخصیات ان کی نمازِ جنازہ میں شریک ہوئیں۔
میاں طارق شفیع کے جسدِ خاکی کو لاہور کے مقامی قبرستان میں سپردِ خاک کردیا گیا ہے۔ سوشل میڈیا پر ان کے انتقال کی خبر طارق شفیع کے بھانجے عابد شیر علی نے دی جس پر متعدد شخصیات نے افسوس کا اظہار کیا۔
قومی اسمبلی کے قائدِ حزبِ اختلاف شہباز شریف، ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز اور دیگر سیاسی و سماجی شخصیات نے بھی میاں طارق شفیع کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اہلِ خانہ سے تعزیت کی۔
اس حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹؤئٹر پر گزشتہ روز اپنے پیغام میں ن لیگی رہنما عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ میرے پیارے ماموں میاں طارق شفیع رضائے الٰہی سے وفات پا گئے ہیں۔
عابد شیر علی نے بتایا کہ میاں طارق شفیع کی نمازِ جنازہ گزشتہ شب 10 بجے اتفاق مسجد، ماڈل ٹاؤن لاہور میں ادا کی گئی۔ میاں طارق شفیع کا شمار لاہور کی مشہور و معروف سیاسی و سماجی شخصیات میں کیا جاتا ہے۔
میرے پیارے ماموں جان میاں طارق شفیع رضاے الہی سے وفات پا گئے ہیں انا للہ وانا الیہ راجعون ۔ ان کی نماز جنازہ آج رات 10 بجے اتفاق مسجد ماڈل ٹاون لاہور میں ادا کی جاے گی۔ pic.twitter.com/XZKbwQ5dM5
— Abid Sher Ali (@AbidSherAli) June 28, 2021
خیال رہے کہ اِس سے قبل پاکستان کے سابق نگراں وزیرِ اعظم اور وفاقی شرعی عدالت کے سابق چیف جسٹس میر ہزار خان کھوسو انتقال کر گئے، ان کی عمر 92 برس تھی۔
سابق چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ میر ہزار خان بجارانی کچھ عرصے سے کوئٹہ میں زیرِ علاج تھے۔ ان کی نمازِ جنازہ 3 روز قبل کٹبار شریف میں دن 12 بجے کے وقت ادا کی گئی۔
مزید پڑھیں: پاکستان کے سابق نگراں وزیراعظم میر ہزار خان کھوسو انتقال کر گئے