اسلام آباد:وفاقی ترقیاتی ادارہ سی ڈی اے کی واٹر سپلائی ڈائریکٹوریٹ کی ناقص کارکردگی اور لاپرواہی شہر اقتدار کے مکین پانی کی بوند بوند کو ترس گئے۔ شہر اقتدار کے مکینوں کا کہنا ہے پانی کے ایک ٹینکر کے لئے 1500 سے 2500 روپے ادا کرنا پڑتے ہیں۔
وفاقی دارالحکومت میں ٹینکر مافیا ہزاروں کی دیہاڑیاں لگانے لگا۔ ذرائع کے مطابق سی ڈی اے واٹر سپلائی ڈائریکٹوریٹ کے افسران کی مبینہ ملی بھگت سے مختلف سیکٹروں سے پانی جیسی اہم نعمت کو کرپشن اور بدعنوانی کی نظر کر دیا گیا ہے۔
ایم ایم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے شہریوں کا کہنا تھا کہ محکمہ سی ڈی اے کے ملازمین ٹینکر مافیا کی ملی بھگت سے عوام کو ذلیل و خوار کر رہے ہیں کئی کئی روز پہلے سے کمپلین کرنے کے باوجود بھی سرکاری فیس پر گھروں میں پانی کی سپلائی نہیں دی جاتی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اس حد تک مجبور کر دیا جاتا ہے کہ لوگ مجبوری کے تحت فی ٹینکر 15 سو روپے سے لیکر 2500 روپے ٹینکر مافیا کو دینے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔
شہریوں نے اپیل کرتے ہوئے سی ڈی اے کے اعلی افسران کو تنبیہ کی ہے کہ اگر ہمارے سیکٹروں میں پانی کی ترسیل کو ممکن نہ بنایا گیا تو ہم سی ڈی اے چئیرمین آفس کا گھراؤ کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں : پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے احتجاج کرنے والے ڈاکٹرز کو پولیس نے گرفتار کرلیا