سرینگر: مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کشمیر کاز کی بھرپور حمایت اور مظلوم کشمیریوں کے لیے قربانیوں پر پاکستان کے وزیر اعظم اورعوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حریت چیئرمین نے وزیر اعظم پاکستان کے نام ایک خط میں اللہ تعالیٰ سے دعا کی ہے کہ وہ وزیر اعظم کواپنی عظیم ذمہ داریاں پوری کرنے کی طاقت اورہمت عافرمائے کیونکہ اللہ ہی نے انہیں اسلامی جمہوریہ پاکستان کی قیادت کے لیے چناہے۔
سید علی گیلانی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے حالیہ اجلاس میں مظلوم کشمیریوں کی حمایت میں اورجموں وکشمیر کی متنازعہ حیثیت غیرقانونی طریقے سے تبدیل کرنے کے بھارتی فیصلے کے خلاف وزیر اعظم عمران خان کے خطاب کی تعریف کی ۔انہوں نے کہاکہ یہ غیر قانونی فیصلہ کشمیریوں پر مسلط کرنے کی بھارتی کوشش کے نتیجے میں خطے میں بڑے پیمانے پر کرفیو لگایا گیا۔
سید علی گیلانی نے کہاکہ1947ء سے بھارتی قبضے اورمظالم کے خلاف کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کئی مراحل سے گزری ہے اور 1988، 2008،2010اور2016اس جدوجہد کے تاریخی سال ہیں ۔ انہو ں نے کہاکہ لوگوں کی مجموعی مزاحمت کی وجہ سے بھارت جدوجہد آزادی کو دبانے میں ناکام ہوگیا ہے۔
مقبوضہ علاقے میں فون اور انٹرنیٹ سمیت مواصلات کے ہرقسم کے ذرائع منقطع کردیے گئے ہیں ۔سید علی گیلانی نے کہاکہ بچوں ، بزرگوں، نوجوانوں، تاجروں، وکلاء، طلباء اورحریت قیادت اوران کے عزیزوں سمیت ہزاروں لوگوں کوشدید تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
مزید پڑھیں: مقبوضہ جموں و کشمیر میں کرفیو کا 100 واں روز، 80 لاکھ کشمیریوں کی زندگی اجیرن