برن: سوئٹزرلینڈ میں نقاب پہننے پر پابندی عائد کردی گئی، سوئٹزرلینڈ کی پارلیمنٹ نے برقع پر پابندی کے لیے بل کو بھاری اکثریت سے منظور کرلیا۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق دو سال قبل سوئٹزرلینڈ میں برقع پر پابندی کے لیے کرائے گئے ریفرنڈم میں 51 فیصد آبادی نے پابندی کے حق میں ووٹ دیا تھا جس کے بعد آج آئین سازی کا آخری مرحلہ بھی پورا کرلیا گیا۔
آج سوئٹزرلینڈ کے ایوان زیریں میں برقع پر پابندی کا بل پیش کیا گیا۔ 151 ارکان نے حمایت جب کہ صرف 29 نے بل کی مخالفت کی۔ ریفرنڈم کے نتائج کی بنیاد پر پہلے ہی ایوان بالا سے بل منظور ہوچکا ہے۔
یاد رہے کہ اس قانون کی خلاف ورزی کرنے پر بھاری جرمانہ ہوگا جوکہ 1 ہزار فرانک یعنی ایک ہزار 116 ڈالر تک ہوسکتا ہے۔
مذکورہ قانون منظور ہونے کے بعد اب عوامی مقامات اور نجی عمارتوں میں ناک، منہ اور آنکھوں کو ڈھانپنا جرم تصور کیا جائے گا تاہم کچھ صورتوں میں استثنیٰ بھی حاصل ہوگا۔
مزید پڑھیں:اسرائیل کے ساتھ سعودی تعلقات فلسطینیوں کے ساتھ غداری ہوں گے، ایرانی صدر
واضح رہے کہ اس سے قبل مصری حکومت نے بھی 30 ستمبر سے اسکولوں میں چہرہ ڈھانپنے والے نقاب پہننے پر پابندی لگادی تھی۔