بالی ووڈ کے سُپر اسٹار شاہ رخ خان اپنی بیٹی سہانا خان کے ساتھ جلد پڑے پردے پر ڈیبیو کریں گے۔
بھارتی میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا جارہا ہے کہ اس فلم کو شاہ رخ خان کی بلاک بسٹر فلم پٹھان کے خالق سدھارتھ آنند پروڈیوس کریں گے جو ٹائیگر بمقابلہ پٹھان کی ہدایت کاری بھی کریں گے۔
فلم کا نام تاحال سامنے نہیں آسکا تاہم یہ فلم شاہ رُخ خان کی پروڈکشن کمپنی ریڈ چلیز انٹرٹینمنٹ اور مارفلکس پکچرز کی مشترکہ پروڈکشن ہوگی۔
بھارتی میڈیا نے شاہ رخ خان کے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ فلم کی پری پروڈکشن کا کام پہلے ہی شروع ہوچکا ہے جبکہ سہانا خان اور شاہ رُخ خان اس فلم کیلئے بےحد پُرجوش ہیں۔
فلم میں شاہ رُخ خان کا کردار کیا ہوگا اس حوالے سے معلومات فراہم نہیں کی گئی ہیں تاہم بھارتی میڈیا کے ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ کنگ خان اور ان کی بیٹی سُہانا خان کے لیے ایک خاص فلم ہوگی جس میں باپ بیٹی کے درمیان مضبوط تعلق اور محبت کو فلمایا جائے گا۔