بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے کیلئے سیکیورٹی سخت کردی گئی، ڈبل سواری اور اسلحے کی نمائش پر بھی پابندی عائد ہے۔
تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں 5 ہزار سے زائد ایف سی اور پولیس اہلکار پی ڈی ایم جلسے کی سیکیورٹی کیلئے تعینات ہوں گے۔
کوئٹہ میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد ہے جس کا اطلاق 1 روز کیلئے ہوگا جبکہ عوامی مقامات پر اسلحے کی نمائش کو ممنوع قرار دے دیا گیا۔
صوبائی حکومت نے پی ڈی ایم کو دہشت گردوں کی دھمکیوں سے خبردار کرتے ہوئے جلسہ مؤخر کرنے کا مشورہ دیا تھا، تاہم پی ڈی ایم کا جلسہ آج ہی منعقد ہوگا۔
ایسے میں سیکیورٹی ادارے پی ڈی ایم جلسے کے دوران فون سروس بند کرنے پر بھی غور کر رہے ہیں۔ کوئٹہ میں 11 بجے سے لے کر 5 بجے تک فون سروس بند رہنے کا امکان ہے۔
ڈی آئی جی کوئٹہ کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم رہنماؤں کی سخت سیکیورٹی کیلئے سیکیورٹی کی 4 تہیں ترتیب دی گئی ہیں۔ 5 ہزار سے زائد سیکیورٹی اہلکار جلسہ گاہ کی سیکیورٹی کیلئے تعینات ہوں گے۔
یاد رہے کہ اپوزیشن جماعتوں کی پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کوئٹہ میں عوامی طاقت کا مظاہرہ آج کرے گی جبکہ جلسے کی تیاریاں جاری ہیں۔
پی ڈی ایم رہنماؤں نے دعویٰ کیا کہ آج ہونے والا اپوزیشن جماعتوں کا جلسہ کوئٹہ کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہوگا۔
مزید پڑھیں: پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کوئٹہ میں عوامی طاقت کا مظاہرہ آج کرے گی