کراچی، لاہور اور اسلام آباد سمیت ملک کے ہر شہر میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے جس کی روک تھام کیلئے سخت لاک ڈاؤن کا فیصلہ کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق باوثوق ذرائع کا دعویٰ ہے کہ حکومت نے سخت لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت کاروباری سرگرمیاں، ٹرانسپورٹ اور بلاضرورت گھر سے باہر آمدورفت پر پابندی لگا دی جائے گی۔
کورونا کیسز کی روک تھام کیلئے کیے گئے فیصلے کے تحت ابتدائی طور پر کراچی میں سخت لاک ڈاؤن لگایا جاسکتا ہے۔ شہرِ قائد میں انتہائی سخت لاک ڈاؤن متوقع ہے جس سے کاروباری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہوں گی۔
قبل ازیں شہر قائد کے ضلع وسطی میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر شہریوں کی غیر ضروری آمد و رفت اور ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی،کورونا کیسز میں اضافے کے بعد ڈپٹی کمشنر نے ضلع وسطی کے مختلف علاقوں میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
آج سے 3روز قبل جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق ضلع وسطی کے 4 ٹاؤنز گلبرگ، نارتھ کراچی، لیاقت آباد اور نارتھ ناظم آباد کے رہائشی علاقوں میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن 19مئی سے 2جون تک نافذ ہوگا۔مذکورہ علاقوں میں کورونا کے 63مریض موجود ہیں، ضلعی ہیلتھ آفیسر کی جانب سے ہاٹ اسپاٹ کی نشاندہی کے بعد پابندیاں سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
مزید پڑھیں: ضلع وسطی میں ڈبل سواری بند،گھر سے نکلنے پر پابندی عائد
خیال رہے کہ اِس سے قبل پاکستان میں کورونا کے 4 ہزار 7 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وائرس کا شکار 88 مزید شہری جاں بحق ہو گئے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق مجموعی طور پر کورونا سے 8 لاکھ 97 ہزار 468 افراد متاثر جبکہ وائرس میں مبتلا 20 ہزار 177 شہری جان کی بازی ہار گئے۔
مزید پڑھیں: کورونا کے 4 ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ، 88 مزید شہری جاں بحق