شہرِ قائد میں ڈکیتی کی واردات کے دوران موٹر سائیکل سوار ملزمان نے کار پر سوار شہری کی نقد رقم اور موبائل فون لوٹ لیا جس کے بعد وہ فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں ہونے والی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آچکی ہے جس میں صاف طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ کار سوار شہری ڈاکوؤں سے بچنے کے لیے گاڑی کو عقبی سمت میں بھگاتا ہے لیکن کامیابی نہیں ہوتی۔
فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کار سوار شہری گاڑی کو عقبی سمت میں لے جاتا ہے تو وہ پیچھے کھڑی بائیکس سے جا ٹکراتی ہے جبکہ اس دوران ایک خاتون شہری بھی یہ واردات دیکھ رہی ہوتی ہے ، لیکن وہ ڈاکوؤں کو دیکھ کر خوفزدہ ہوجاتی ہے۔
دیکھا جاسکتا ہے کہ خاتون شہری کار سوار کے ساتھ ہونے والی واردات کے بارے میں پہلے ہی اندازہ لگا کر وہاں سے دور چلی جاتی ہے تاکہ موٹر سائیکل سوار ملزمان اس کے ساتھ کوئی ظلم نہ کرسکیں۔
ویڈیو کے مطابق موٹر سائیکل سوار ملزمان اسلحہ دکھا کر شہری کو ڈرا دھمکا کر اس کی نقدی اور موبائل فون چھین کر باآسانی فرار ہوجاتے ہیں، لیکن اس دوران کوئی شخص آ کر متاثرہ شہری کی مدد نہیں کرتا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل کراچی میں مددگار 15پولیس نے کورنگی انڈسٹریل ایریا کی حدود مہران ٹاؤن میں بروقت کارروائی کرتے ہوئے 2ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
پولیس مددگار 15 پر موصول ہونے والی کال کے پیش نظر تھانہ کورنگی انڈسٹریل ایریا کی حدود مہران ٹاؤن میں واقع جنرل اسٹور میں ڈاکوؤں کی موجودگی کی اطلاع متعلقہ پولیس پارٹی کو دی گئی۔
مزید پڑھیں: کراچی ، مددگار 15پولیس نے مہران ٹاؤن سے 2 ملزمان گرفتارکرلیے