پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں پیر کے روز کاروبار کا مثبت آغاز ہوا ہے، کاروباری ہفتے کے پہلے روز کاروبار کے آغاز کے فوراً بعد کے ایس ای-100 انڈیکس میں 600 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق آج صبح 9:35 بجے اسٹاک مارکیٹ 115,473.69 پوائنٹس پر ٹریڈ کر رہی تھی، جو گزشتہ سیشن کے 114,853.33 پوائنٹس کے مقابلے میں 620پوائنٹس زیادہ رہی۔
ایک جانب کاروباری برادری کو امریکی ٹیرف کے عائد کیے جانے کے بعد برآمدات کی جانب سے تشویش کا سامنا ہے تو دوسری جانب پہلے بجلی کی قیمتیں کم ہوئیں اور اب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی کمی کی نوید سنائی جارہی ہے، جس کے مارکیٹ پر مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں۔
اس سے قبل جمعہ کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کے ایس ای-100 انڈیکس میں مندی کا رجحان رہا، اور انڈیکس میں 1,335.88 پوائنٹس کی کمی ہوئی، جو 1.15 فیصد کی منفی تبدیلی بنتی ہے۔ یوں انڈیکس 116,189.21 پوائنٹس سے کم ہو کر 114,853.33 پوائنٹس پر بند ہوا۔
جمعہ کے دوران 45 کروڑ 85 لاکھ 89 ہزار 593 شیئرز کا کاروبار ہوا، جو گزشتہ کاروباری روز کے 63 کروڑ 80 لاکھ 89 ہزار 718 شیئرز کے مقابلے میں کم رہا۔ شیئرز کی مجموعی مالیت 31.628 ارب روپے رہی، جو گزشتہ روز کے 36.924 ارب روپے سے کم تھی۔