اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سینئر رہنما مولانا عبدالغفور حیدری کا کہنا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے پی ڈی ایم اتحاد سے علیحدگی اختیار کرکے سیاسی خودکشی کرلی ہے۔ پیپلزپارٹی استعفے اس وقت دیتے جب انہوں نے باپ سے ووٹ لیے تھے۔
اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے عہدوں سے مستعفی ہونے کے پاکستان پیپلزپارٹی کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے مولانا عبدالغفور حیدری کا کہنا تھا کہ حکومت کے خلاف تحریک وہی لوگ چلا سکتے ہیں جنہوں نے کشتیاں جلا رکھی ہوں ۔
مولانا عبدالغفور حیدری کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم سے استعفے دے کر پیپلزپارٹی عمران خان کی حکومت کو سہارا دےرہی ہے، پیپلزپارٹی جوکررہی ہے، اس کا جواب عوام اگلے انتخابات میں دیں گے۔ پیپلز پارٹی کے جانے کی خوشی ہوئی، اب ہم یکسوئی سے تحریک چلائیں گے۔
ان سے سوال کیا گیا کہ کیا پی ڈی ایم اےاین پی اور پیپلز پارٹی سے معافی مانگے گی؟ اس پر غفور حیدری کا کہنا تھاکہ معافی کس بات کی؟غلطیاں اور چالاکیاں وہ کریں اور معافی ہم کیسے مانگیں؟
ایک سوال کے جواب میں عبدالغفور حیدری کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کی پی ڈی ایم میں واپسی کا صرف ایک ہی راستہ ہے، یوسف رضا گیلانی استعفیٰ دیں اس کے بعد اگلی بات ہوگی۔
خیال رہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے تمام عہدوں سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا ہے۔