اسلام آباد: اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے کورونا وائرس کے پیشِ نظر ایڈوانس پیمنٹ اور اوپن اکاؤنٹ کے تحت درآمدات میں سہولت فراہم کرنے کے لیے فارن ایکسچینج ریگولیشنز (زرِ مبادلہ کے قواعد) میں نرمی کردی ہے۔
اسٹیٹ بینک نے کورونا وائرس کے علاج کے لیے طبی آلات، دواؤں اور دیگر اشیا کی درآمد پر کسی حد کے بغیر وفاقی اور صوبائی حکومت کے تمام محکموں، سرکاری و نجی شعبے کے اسپتالوں، فلاحی اداروں، مینوفیکچررز اور کمرشل درآمد کنندگان کو امپورٹ ایڈوانس پیمنٹ اور امپورٹ آن اوپن اکاؤنٹ کی اجازت دی ہے۔
مزید یہ کہ بینکوں کو بین الاقوامی ڈونر ایجنسیوں اور غیرملکی حکومتوں کے عطیہ کردہ آلات کی درآمد پر الیکٹرانک امپورٹ فارم (ای آئی ایف) منظور کرنے کی اجازت دی گئی ہے تاکہ وہ ہموار انداز میں تیز رفتاری سے درآمد کرسکیں۔