راولپنڈی کینٹ میں ناقص صفائی کے باعث کورونا وائرس پھیلنے کا خدشہ

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

راولپنڈی   میں ناقص صفائی کے باعث کورونا وائرس پھیلنے کے خدشات سر اٹھا رہے ہیں۔ ملک بھر میں کورونا وائرس کے خلاف بھرپور اقدامات کے باوجود راولپنڈی کینٹ کے علاقے میں صفائی کی صورتحال انتہائی ناقص ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں نوول کرونا وائرس کی وبا کیخلاف صفائی کا خاص خیال رکھا جارہاہے۔ شہریوں کو گھروں سے باہر نکلنے سے روکا جارہاہے جبکہ ملک بھر میں لاک ڈاؤن جاری ہے،  تاہم راولپنڈی کے کینٹ میں صفائی کی صورتحال انتہائی ناگفتہ بہ ہے۔ 

کینٹ کے بعض علاقوں، خاص طور پر شہری  آبادیوں میں نالیوں کی صفائی پر توجہ نہیں دی جارہی جس کے باعث ہر طرف پھیلے ہوئے تعفن سے مکین مشکلات کا شکار ہیں۔

شہرِ راولپنڈی کے علاقے مغل آباد میں فیکٹری کوارٹرز کا فضلہ براہِ راست نالیوں میں پھینکا جا رہا ہے جس کے باعث علاقے میں تعفن پھیل چکا ہے جس سے  مکین شدید مشکلات کا شکار ہیں جبکہ وہاں سے پیدل گزرنا بھی محال ہوچکا ہے۔

اسی طرح راولپنڈی کے دیگر علاقوں  ٹنچ بھاٹہ اور پیپلزکالونی کے اندرونی گلی محلوں کی نالیوں کی بھی صفائی نہیں کی گئی جس کے باعث نالیاں گندگی، پلاسٹک کے شاپنگ بیگز اور دیگر اشیاء سے اَٹ چکی ہیں اور پانی گلیوں میں بہنے کا خدشہ ہے۔

بارش ہونے کی صورت میں یہ گلیاں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں گی۔ ان علاقوں میں رہائش پذیر عوام نے کینٹ بورڈ کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیاہے کہ وہ اس مسئلے پر بھرپور توجہ دیں اور نالیوں کی صفائی کرائیں تاکہ تعفن کا خاتمہ ہوسکے۔