لاہور: وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اعلان کیا ہے کہ جولائی سے جنوبی پنجاب کے چیف سیکریٹری اور ایڈیشنل آئی جی اپنے اپنے عہدوں پر کام شروع کردیں گے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ پاکستان تحریکِ انصاف کے منشور اور وعدے کے مطابق ہم نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کیلئے الگ چیف سیکریٹری اور ایڈیشنل آئی جی پولیس کی سیٹیں تخلیق کردی ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ جلد ہی پوسٹس پر افسران کی تعیناتی کردی جائے گی اور یکم جولائی سے یہ افسران اپنے فرائض سرانجام دینا شروع کردیں گے جبکہ یہ جنوبی پنجاب صوبے کی جانب ایک بڑا اور اہم قدم ہے۔
یہ جنوبی پنجاب صوبے کےقیام کی جانب ایک بڑا اور اہم قدم ہے
— Usman Buzdar (@UsmanAKBuzdar) June 5, 2020
یاد رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے بدھ کے روز ایک مشاورتی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے بہاولپور میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ بنانے کا فیصلہ کیا۔شرکاء نے ملکی سیاسی و معاشی حالات پر بھی تبادلۂ خیال کیا اور بہتری کیلئے تجاویز پیش کیں۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ، وزیر برائے قومی خوراک تحفظ خسرو بختیار ، وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار ، وزیرِ مملکت شبیر علی قریشی ، کشمیر کمیٹی کے چیئرمین سیّد فخر امام ، سابق معاونِ خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان ، پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین ، جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے صوبائی وزراء ، ممبران قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی نے مارچ میں منعقدہ اجلاس میں شرکت کی۔
مزید پڑھیں: وزیر اعظم کابہاولپور میں جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ کے قیام کا فیصلہ