جنوبی افریقا نے سری لنکا کو آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ کے چوتھے میچ میں جیت کے لئے 429 رنز کاپہاڑ جیسا ہدف دے دیا۔
سری لنکا نے نئی دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
جنوبی افریقا نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 428 رنزاسکور کئے،جوکہ ورلڈکپ کا سب سے بڑا ٹوٹل ہے۔اس سے قبل 2015 میں آسٹریلیا نے افغانستان کے خلاف 6 وکٹ پر 417 رنز اسکور کئے تھے۔
میچ میں جنوبی افریقا نے نئی تاریخ رقم کردی، ورلڈکپ کی تاریخ میں پہلی بار ایک اننگز میں تین سنچریاں بنائی گئی ہیں۔
سری لنکا کے خلاف کوئنٹن ڈی کک، رسی وین ڈرڈسن اور ایڈین مارکرم نے سنچریاں بنائیں، اس سے قبل کرکٹ ورلڈکپ میں 18 بار اننگز میں دو سنچریاں بنائی گئی ہیں۔
اس کے علاوہ ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں چوتھی مرتبہ ایک اننگ میں تین سنچریاں بنی ہیں، چار میں سے تین مرتبہ یہ کارنامہ جنوبی افریقا اور ایک مرتبہ انگلینڈ نے سرانجام دیا ہے۔