کراچی:گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہاہے کہ کالعدم تحریک لبیک پاکستان کی کچھ باتیں مانی ہیں اور کچھ ان کو سمجھائی ہیں۔
ڈاکٹر مسرور سیال کے گھر پر آمد کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ کل وزیراعظم عمران خان نے دنیا کے مسلم لیڈرز کو سمجھانے کی کوشش کی ہے۔
انہوں نے کہاکہ فرانس کے صدر نے مذہب کی توہین کی جس سے مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی، ہولوکاسٹ کے خلاف بات کرنے پر دل آزاری سمجھا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نبی ؐ کے غلام ہیں ان کی حرمت سب سے اہم ہے اور نبی ؐکے صدقے ہم ہیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ کی حالت زار سے متعلق گورنر نے کہا کہ سندھ آج بھی پسماندہ صوبہ ہے لیکن ہم یہاں کے لوگوں کی تکالیف کو کم کریں گے۔
ہم سندھ کے لوگوں کو کسی کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑیں گے۔انہوں نے کہا کہ سندھ اور وفاق میں ایک حکومت ہونا ضروری نہیں کیونکہ اٹھارویں ترمیم کے بعد صوبے کی ذمہ داری زیادہ آتی ہے۔
گورنر سندھ نے کہا کہ ٹھٹھہ کا دورہ عمران خان کی خواہش پر کرنے جا رہا ہوں جس کی رپورٹ وزیراعظم کو دوں گا۔ وزیراعظم آئندہ سندھ کے دیگر علاقوں کا دورہ کریں گے۔
اس سے قبل گورنر سندھ نے پی ٹی آئی ملیر کے رہنما ڈاکٹر مسرور سیال سے چچا کے انتقال پر تعزیت کی۔ اس موقع پر اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ و دیگر رہنما بھی ساتھ تھے۔