صوبہ سندھ کے تاریخی شہر حیدر آباد کی 6 یوسیز کے 17 علاقوں میں ایک باضابطہ نوٹیفیکیشن کے ذریعے اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق حیدر آباد کے مختلف علاقوں میں کورونا وائرس کیسز تیزی سے بڑھ رہے ہیں جس کے خلاف شہری انتظامیہ نے سخت ایکشن لیتے ہوئے 17 علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا ہے۔
آج صبح 9 بجے سے نافذ اسمارٹ لاک ڈاؤن 5 دسمبر تک جاری رہے گا۔ حیدر آباد کے علاقے قاسم آباد، لطیف آباد اور اندرونِ شہر مختلف علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ ہے۔
حیدر آباد کے جن علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا، ان میں مین رود ایریا، سٹیزن کالونی، گلستانِ سجاد، علمدار چوک، ڈیپلائی کالونی، اسراء ولیج اور اٹک سٹی شامل ہیں۔
اس کے علاوہ مبارک کالونی، بلدیہ کالونی، صحافی کالونی، گلشنِ فاطمہ، ائیر پورٹ روڈ، دامنِ کوہسار، نسیم نگر چوک، بھٹائی نگر، بھٹائی ٹاؤن، وادھوہ چوک اور لطیف آباد نمبر 6 میں بھی اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ ہے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل شہر قائد اور حیدرآباد میں کورونا وائرس کے مثبت ٹیسٹوں کی شرح میں اضافہ ہوگیا۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے قومی رابطہ کمیٹی برائے کورونا وائرس کو دونوں شہروں میں کورونا وائرس کی شرح میں اضافے سے آگاہ کیا۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ نے گزشتہ ماہ بتایا کہ کراچی میں گزشتہ 5 دن کے دوران کورونا کے ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 4 اعشاریہ 32 فیصد رہی ہے۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ حیدر آباد میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 3 اعشاریہ 24 فیصد رہی ہے۔
مزید پڑھیں: حیدر آباد میں کورونا وائرس کیسز کی شرح میں اضافہ