سکھر: ایس آئی یو ٹی سکھر میں سندھ حکومت کے تعاون سے پہلا روبوٹک سرجری یونٹ قائم کردیا گیا ہے۔
وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے ایس آئی یوٹی چھبلانی میڈیکل سینٹر میں قائم روبوٹک سرجری یونٹ کا افتتاح کیا۔ڈاکٹرعذرا فضل پیچوہو نے اپنے خطاب میں کہا کہ میرے لئے یہ ایک بہت بڑا اعزاز ہے کہ میرے استاد اور ہم سب کے لئے مشعل راہ پروفیسر ادیب رضوی میرے ساتھ اس وقت یہاں موجودہیں اورمیں ان کی سرپرستی میں روبوٹک سرجیکل یونٹ کا افتتاح کررہی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ہم سندھ میں صحت کی سہولیات کو بہتر بنانےکے لئے ہر ممکن کوشش کررہے ہیں اور اس سینٹر کا قیام بھی اس کڑی کا ایک حصہ ہے۔ ہمارے قومی اور صوبائی اسمبلی کے نمائندے ہمیشہ ایس آئی یو ٹی کو مکمل تعاون فراہم کرنے کے لیے حاضر ہیں۔
ڈاکٹرعذرا فضل پیچوہو نے کہا کہ روبوٹک سرجری کو سرجیکل سائنسز کا مستقبل مانا جاتا ہے اور اس مرکز سے سکھر کے علاوہ اور دوسرے شہروں جن میں لاڑکانہ، جیکب آباد، شکارپور، گھوٹکی، خیرپور، نوشہرو فیروز اور بینظیر آباد شامل ہیں، وہاں کے مریضوں کو بھی فائدہ ہوگا۔
ڈاکٹر ادیب رضوی ڈائریکٹر ایس آئی یو ٹی نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ایس آئی یو ٹی کا فلسفہ تمام مریضوں کو جدید ترین علاج کی سہولیات مفت، عزت نفس کے ساتھ مہیا کرنا ہے اسی فلسفے کے تحت سکھر میں روبوٹک سینٹر کا قیام عمل میں لایا گیا ہے تاکہ اس جدید ترین سرجری سےعام آدمی کو بھی فائدہ پہنچایا جاسکے اور علاج کے سلسلے میں اسے طویل سفر نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے حکومت سندھ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس سینٹر کا قیام میں حکومت سندھ کا کردار نہایت اہمیت کا حامل رہا ہے اور انہی کے تعاون سے پاکستان اور خطے کے نئے سرجنز کے لئے روبوٹک ٹریننگ سینٹر کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے۔
ڈاکٹر ریحان محسن جو کہ ایس آئی یو ٹی کے روبوٹک سرجن ہیں انہوں نے شرکاء کو روبوٹک سرجری کے فوائد کے بارے میں آگاہ کیا کہ اس سرجری سے مریض کے جسم پر آپریشن کے بہت کم نشانات ہوتے ہیں، خون کا ضیاع کم ہوتا ہے، اور مریض کا ہسپتال میں قیام بھی محدود ہوتا ہے۔