کراچی: سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے صدر عبدالہادی نے سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے 2 دن کی بندش کے بعد وعدے کے مطابق سائٹ ایریا کراچی کی صنعتوں کی گیس بحال نہ کرنے پر شدید احتجاج کیا ہے اور وزیراعظم عمران خان سے مدد کی اپیل کرتے ہوئے استدعا کی ہے کہ وہ ایس ایس جی سی کو صنعتوں کو مکمل پریشر کے ساتھ فوری طوری پرگیس بحال کرنے کی سختی سے ہدایات جاری کریں بصورت دیگر صنعتکار اپنی فیکٹریاں شفٹ کرنے پر مجبور ہوجائیں گے۔
سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے صدر نے وزیراعظم عمران خان سے اپیل میں مزید کہاکہ ایس ایس جی سی نے 2دن گیس بندش کا نوٹیفیکیشن جاری کیا تھا مگر وعدے کے مطابق 2دن بعد بھی صنعتوں کی گیس بحال نہیں کی بلکہ سوئی سدرن گیس کمپنی صنعتکاروں کو کوئی بھی مثبت جواب دینے سے گریزاں ہے۔
عبدالہادی کا کہنا تھا کہ صنعتوں کی گیس بحال نہ ہونے کے باعث پیدواری سرگرمیاں رک گئی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پیداواری سرگرمیاں معطل ہونے سے برآمدی آڈرز کی تکمیل خطرے میں پڑ گئی ہے جبکہ بڑے پیمانے پر برآمدی آڈرز منسوخ ہونے کا خدشہ ہے۔
صدر سائٹ ایسوسی ایشن نے کہاکہ موجودہ حالات میں برآمدکنندگان پرانے آڈرز کی ڈیلیوری دینے کے لیے فکرمند ہیں کیونکہ فی الوقت پیداواری سرگرمیاں معطل ہونے سے پرانے آرڈرز کی تکمیل مشکل ہے، لہٰذا ایسی صورتحال میں برآمدکنندگان نئے برآمدی آرڈرز کیسے لیں۔؟
انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو ملکی برآمدات پر انتہائی منفی اثرات مرتب ہوں گے اور صنعتوں کی بنیادی ضروریات پوری نہ کیں تو ملکی برآمدات 22 ارب ڈالر سے گھٹ کر 17 ارب ڈالر کی نچلی سطح پر آجائیں گی۔
عبدالہادی نے کہاکہ ایس ایس جی سی کی غیرذمہ داری کی وجہ سے بڑے پیمانے پر برآمدی آرڈرز منسوخ ہونے کے خدشات پیدا ہوگئے ہیں اور وزیراعظم عمران خان کے ویژن اس وقت تک پورا نہیں ہوسکتا جب تک صنعتوں کی بنیادی ضروریات کو پورا نہیں کیا جاتا۔
صدر ایسوسی ایشن نے پڑوسی ملک بنگلہ دیش کی مثال دیتے ہوئے کہاکہ بنگلہ دیش کی برآمدات 54 ارب ڈالر تک جا پہنچی ہیں جبکہ ہماری برآمدات بڑھنے کی بجائے مزید کم ہوتی جارہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہاکہ اگرایس ایس جی سی اگرصنعتوں کو گیس نہیں دے سکتی تو بتادے، ہم فیکٹریاں یہاں سے فیکٹریاں شفٹ کرلیتے ہیں اور کہیں اور چلے جاتے ہیں نیز صنعتوں کے لیے مشکلات پیدا کر کے پاکستان کو نقصان پہنچانا، ملک کا امیج خراب کرنا ہمارے لیے ناقابل قبول ہے۔
یہ بھی پڑھیں : صوبے میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مزید 423 کیسز رپورٹ ہوئے، وزیراعلیٰ سندھ