صنعتکاروں نے کراچی کیلئے فوج کی خدمات لینے کے مطالبے کی حمایت کردی

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

Site industries shutdown due to zero gas pressure

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

کراچی :سائٹ ایسوسی ایشن کے صدر سلیمان چاؤلہ نے کہا ہے کہ صنعتکار سراج تیلی کے کراچی کی نگرانی،مدد کے لیے فوج کی5سال خدمات لینے کے مطالبے کی حمایت کرتے ہیں۔

موجودہ حالات میں کراچی کی دیکھ بھال کے لیے فوج کی مدد، نگرانی کے سوا کوئی حل نظر نہیں آرہا، بیان بازی اور الزام تراشیوں کی بجائے کراچی کے مسائل پر فوری توجہ دی جائے۔

سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے صدر سلیمان چاؤلہ نے تاجربرادری کے رہنما سراج قاسم تیلی کے کراچی کی نگرانی اور مدد کے لیے فوج کی خدمات حاصل کرنے کے مطالبے کی بھرپور حمایت کی ہے۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ صرف بیان بازی اور ایک دوسرے پر الزام تراشی کی بجائے کراچی کے مسائل پر فوری توجہ دی جائے اور عملی اقدامات کیے جائیں کیونکہ کراچی کے مسائل گمبھیر صورتحال اختیار کرتے جارہے ہیں۔

شہر کے انفرااسٹرکچر سے متعلق مسائل کو شفاف طریقے اور بدعنوانی کے بغیر حل کرنے کے لیے فوج کی نگرانی اور مدد کا فیصلہ صاف نیت سے کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے وفاقی حکومت کی جانب سے نالوں کی صفائی اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی ذمہ داری این ڈی ایم ے اور ایف ڈبلیو او کو تفویض کرنے کے فیصلے کو سراہتے ہوئے گزشتہ چند دنوں کے دوران دونوں اداروں کی جانب سے کی جانے والی سخت محنت کی تعریف کی جس کی وجہ سے کراچی والوں کوحالیہ بارشوں میں اتنی مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑا جو انہوں نے پندرہ روز قبل شہر میں موسلا دھار بارشوں کے دوران پریشانی اٹھائی تھی۔

صدر سائٹ ایسوسی ایشن نے کہاکہ صفائی مہم صرف بڑے نالوں کی صفائی اور بند نالوں کو صاف کرنے تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ جنگی بنیادوں پرکراچی کے ہر ایک کونے اور گوشے کو مکمل طور پر صاف کیا جانا چاہیے اور جب تک پورے شہر باالخصوص کراچی کے تمام صنعتی علاقوں کو مکمل طور پر صاف ستھرا نہیں کیا جاتا تب تک یہ ایک جاری عمل رکھا جائے۔

انہوں نے سائٹ کے تباہ حال انفرااسٹرکچرکا خصوصی طور پرذکر کرتے ہوئے کہاکہ انفرااسٹرکچر کو بہتر نہ بنانے کی وجہ سے یہاں سڑکوں کا نام ونشان ہی مٹ گیا ہے جبکہ کئی دہائیوں سے یہاں کچرا صاف نہیں کیا گیا۔

مزید پڑھیں: سراج قاسم تیلی نے کراچی چیمبر کے اگلے عہدیداران کے ناموں کا اعلان کردیا

سلیمان چاؤلہ نے مزید کہا کہ موجودہ حالات کے تناظر میں ہمیں کراچی کی دیکھ بھال کے لیے فوج کی مدداور نگرانی کے سوا کوئی حل نظر نہیں آرہا  کیونکہ گذشتہ تین دہائیوں کے دوران کراچی کے مسائل کو حل کرنے میں حکومت سندھ اور شہری انتظامیہ کی بری طرح ناکام رہی ہے۔

Related Posts