امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے یہ شہر اب آگے بڑھے گا اور حافظ نعیم الرحمان اس شہر کا میئر بنے گا۔
تحفظ کراچی مارچ سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا جماعت اسلامی عوام کی خدمت کرنا چاہتی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ ملک اور شہر کراچی میں سب کو انصاف اور روزگار ملے، ہم اسلامی اور خوشحال پاکستان بنانا چاہتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:
لیڈر چھپتا نہیں، بیٹی کا ہاتھ پکڑ جیل جاتا ہے، مریم نواز
ان کا کہنا تھا ہم کراچی کے وسائل کراچی کے عوام پر خرچ کریں گے، 15 جون کا سورج ترقی و خوشحالی کی نوید لے کر نکلے گا، ہم کراچی کو بھی استنبول کی طرح عالم اسلام کا ترقیاتی شہر بنائیں گے، جماعت اسلامی کا میئر آئے گا تو بلاتفریق رنگ و نسل سب کو ساتھ لے کر چلے گا۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ دھاندلی کے ذریعے لوگوں کی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا، اب قوم بیدار ہو گئی ہے ، آصف زرداری تسلیم کریں کہ آپ کی جماعت کو کراچی کے عوام نے مسترد کر دیا ہے، آصف زرداری تسلیم کریں کہ عوام نے جماعت اسلامی کو شہر کا مینڈیٹ دیا ہے، طویل عرصے سے اس شہر کو تباہ کیا گیا اور لوٹ کھسوٹ کا بازار لگایا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ مقابلہ پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی کا نہیں بلکہ مقابلہ پیپلز پارٹی اور عوام کا ہے، آصف زرداری عوام اور جمہور کے فیصلے کو تسلیم کریں۔