کراچی: صوبہ پنجاب کے بعد سندھ حکومت نے بھی کورونا ویکسین نہ لگوانے والے شہریوں کی موبائل فون سِم بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب حکومت پہلے ہی کورونا ویکسین نہ لگوانے والوں کی موبائل فون سِم بند کرنے کا اعلان کرچکی ہے جبکہ سندھ حکومت نے بھی موبائل سِم بند کرنے کا اعلان کردیا۔
وزیرِا طلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے کراچی میں رفیقی شہید ہسپتال میں ویکسین سینٹر کا افتتاح کیا۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ سندھ کا جو شہری ویکسین نہیں لگوائے گا، اس کے موبائل فون کی سِم بند کردیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی ویکسین لگوانے کے بعد بھی احتیاطی تدابیر پر عمل ضروری ہے۔ بیرونِ ملک جانے والے افراد کو فائزر ویکسین لگائی جارہی ہے۔صوبے بھر میں ویکسین لگانے کا عمل روزانہ کی بنیاد پر جاری ہے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل پنجاب حکومت کی جانب سے ویکسینیشن مہم میں تیزی لانے کی کوششیں شروع کردی گئیں۔ ویکسین نہ لگانے والوں کا دفاتر، پبلک پارکس اور شاپنگ مالز میں بھی داخلہ بند کرنے پر غور کیا گیا جبکہ کورونا ویکسین نہ لگوانے والوں کی موبائل سم بلاک کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
رواں ماہ وزیرِ صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کی زیر صدارت 6 روز قبل کے اجلاس میں کورونا کی صورتحال اور ویکسینیشن مہم کے حوالے سے تفصیلی غور و فکر کیا گیا۔ اجلاس کے دوران کورونا ویکسین مہم میں تیزی لانے کے حوالے سے بھی تجاویز پیش کی گئیں۔
مزید پڑھیں: پنجاب حکومت کا کورونا ویکسین نہ لگوانے والوں کی موبائل سم بلاک کرنے کا فیصلہ