کراچی: سندھ حکومت نے صوبے میں مئی میں اوسط سے زیادہ بارش کے امکان کے ساتھ اپنے تمام محکموں کو ہائی الرٹ جاری کردیا۔
ماہی گیروں کو 05 مئی تک سندھ کے ساحل کے ساتھ گہرے سمندر میں جانے سے بھی روک دیا گیا ہے۔
صوبائی وزیر ماحولیات اسماعیل راہو نے کہا ہے کہ سندھ میں 30 اپریل سے 05 مئی تک گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کی توقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں آنے والے سیلاب سے سندھ بری طرح متاثر ہو سکتا ہے جبکہ کراچی اور صوبے کے دیگر شہر اربن فلڈنگ کے خطرے سے دوچار ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، ٹھٹھہ، بدین، خیرپور، ٹنڈو جام، سانگھڑ اور دیگر شہروں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
وزیر ماحولیات نے کہا کہ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی سندھ نے تمام متعلقہ سرکاری محکموں کو ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام میونسپل اداروں کو بھی نالوں کی صفائی کی ہدایت کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کی وجہ سے ہمیں غیر یقینی صورتحال کا سامنا ہے۔ انہوں نے بارش کے دوران سندھ میں کھڑی فصلوں کو ہونے والے ممکنہ نقصان سے بھی خبردار کیا۔
مزید پڑھیں:کراچی، سی وی یو دو دریا کے قریب سے 2 بچیاں مبینہ طور پر اغواء
محکمہ موسمیات نے موسم کے حوالے سے پیش گوئی کرتے ہوئے کہا کہ کراچی ڈویژن اور سندھ کے دیگر اضلاع میں جمعہ (28 اپریل) سے یکم مئی تک کبھی کبھار وقفے کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔