کراچی: سندھ حکومت نے کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کی روک تھام کیلئے شام 6 بجے کے بعد تمام تر خریدوفروخت پر مکمل پابندی عائد کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے سندھ بھر میں مارکیٹس مکمل بند کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ محکمۂ داخلہ سندھ نے اسمارٹ لاک ڈاؤن کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
محکمۂ داخلہ سندھ کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے بھر میں کاروبار، مارکیٹس اور شاپنگ مالز کو شام 6 بجے بند کرنا ہوگا۔ دکانوں میں گنجائش سے 50 فیصد گاہکوں کی اجازت ہوگی۔
نوٹیفکیشن کے تحت کراچی سمیت سندھ بھر میں ہوٹلز، ریسٹورنٹس اور کھانے سے متعلق دکانوں پر آؤٹ ڈور ڈائننگ پر مکمل پابندی عائد ہے۔ ٹیک اوے کی اجازت دے دی گئی۔
سرکاری دفاتر میں 20 فیصد ضروری عملہ حاضر رہے گا جبکہ نجی دفاتر کو 50 فیصد عملے کو گھر سے کام کی ہدایت دینے کا حکم دیا گیا ہے۔ 50 فیصد عملہ نجی دفاتر میں حاضر ہوسکے گا۔
سندھ حکومت کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق صوبہ سندھ میں بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کی روک تھام کیلئے جیلوں میں قیدیوں سے ملاقاتوں پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔ پابندیوں کا اطلاق 16مئی تک ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: چیئر مین سینیٹ صادق سنجرانی کی ایف پی سی سی آئی کو مدد کی یقین دہانی