بھارتی ٹی وی سیریلز میں ہیروئن کا کردار نبھانے والی ڈرامہ کوین نے اپنی 44ویں سالگرہ منائی ہے، شویتا تیواری نے ایک پرموشن ایونٹ کے دوران کچھ ایسا کہہ دیا تھا کہ اس پر شویتا تیواری مردہ باد کے نعرے لگ گئے۔
کسوٹی زندگی کی سمیت متعدد ٹی وی سیریلز اور بالی ووڈ کی متعدد فلمز میں اداکاری کرنے والی فنکارہ شویتا تیواری کو فلمز میں زیادہ کامیابی نہیں مل سکی تاہم اس اداکارہ نے ٹی وی سیریلز میں اہم کردار نبھا کر مداحوں کا دل جیتا ہے۔
گزشتہ روز ٹی وی اداکارہ شویتا تیواری 44برس کی ہوگئیں اور اس موقعے پر بھارتی میڈیا نے ان کے ماضی کے بیانات پر بھی گفتگو کی۔ اداکارہ شویتا تیواری نے بن بلائے باراتی اور ملیں نہ ملیں ہم سمیت متعدد بالی ووڈ فلمز میں اداکاری کی ہے۔
سالگرہ کے موقعے پر ساتھی فنکاروں سمیت اداکارہ شویتا تیواری کے مداحوں نے ان کو انسٹاگرام سمیت دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر مبارکباد دی۔ انسٹاگرام پر پوسٹ کی گئی ایک حالیہ ویڈیو میں اداکارہ شویتا تیواری کو ایک گیت پر رقص کرتے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔
تاہم اچھا برا وقت شوبز سمیت ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے شخص پر آہی جایا کرتا ہے۔ جنوری 2022 میں بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں اپنی ویب سیریز کی پروموشن کے دوران شویتا تیواری نے ایک ایسا بیان دیا جو ان کیلئے وبالِ جان بن گیا۔
اداکارہ شویتا تیواری نے کہا کہ “میرے برا کی سائز بھگوان لے رہے ہیں” اور ظاہر ہے کہ بھگوان سے مراد ہندو مت کے ماننے والوں کے نزدیک خدا ہے جس کی توہین برداشت نہیں کی جاسکتی جس پر اداکارہ کے خلاف شدید غم و غصے کا اظہار کیا گیا۔
بظاہر اداکارہ شویتا تیواری کا وہ مقصد نہیں تھا بلکہ انہوں نے ہنسی ہنسی میں یہ بیان دے ڈالا جس پر ہندو مت کے ماننے والوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچی، لوگوں نے شویتا تیواری کی تصاویر جلائیں، ویب سیریز کی شوٹنگ میں مشکلات کھڑی کیں اور شویتا تیواری مردہ باد کے نعرے لگا دئیے۔