اسلام آباد: وفاقی وزیرِ موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان نے کہا ہے کہ اگر پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان پارلیمنٹ کو اہمیت دیتے تو ریسکیو اپیل نہ کرنی پڑتی۔ جسے سیاسی بحران کہا جارہا ہے، وہ تو چیئرمین تحریکِ انصاف کا اندازِ سیاست ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیرِ موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان نے کہا کہ بند گلی میں پھنسنے کے بعد تحریکِ انصاف کے رہنما اب اداروں اور عدالت سے مداخلت کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
راجہ پرویز اشرف کی زیرِ صدارت قومی اسمبلی اجلاس آج ہوگا
ٹوئٹر پیغام میں شیری رحمان نے کہا کہ شارٹ کٹ مارچ میں نہ لوگ گھروں سے نکل رہے ہیں نہ ہی مارچ کا کوئی نتیجہ نکل رہا ہے۔ اب تحریکِ انصاف کے رہنما فوج اور عدالت سے موجودہ سیاسی بحران کے خاتمے کیلئے منت سماجت کر رہے ہیں۔
وفاقی وزیرِ موسمیاتی تبدیلی نے کہا کہ جب عمران خان کو کوئی ڈیل نہیں ملی اور غیر آئینی مطالبات نہیں مانے گئے تو کنٹینر پر کھڑے ہو کر کہتے ہیں کہ کسی سے بات نہیں کروں گا۔ جس کو پی ٹی آئی رہنما سیاسی بحران کہہ رہے ہیں، وہ عمران خان کا اندازِ سیاست ہے۔
جب عمران خان کو کوئی ڈیل نہیں ملی اور غیر آئینی مطالبات نہیں مانے گئے تو کنٹیر پر کھڑے ہوکر کہتے ہے کسی سے بات نہی کروں گا۔جس کو تحریک انصاف کے رہنماء سیاسی بحران کہہ رہے وہ سیاسی بحران نہیں بلکہ عمران خان کی طرز سیاست ہے۔پارلیمنٹ کو اہمیت دیتے تو آج ریسکیو اپیل نا کرنی پڑتی۔2/3
— SenatorSherryRehman (@sherryrehman) November 3, 2022
انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان پارلیمنٹ کو اہمیت دیتے تو آج ریسکیو اپیل نہ کرنی پڑتی۔ تحریکِ انصاف ابھی جمہوری و آئینی سیاست سیکھنے کے مراحل میں ہے۔ اگر جمہوری سیاستدان ہوتے تو مارشل لاء لگانے کی بات نہ کرتے۔
تحریک انصاف ابھی جمہوری اور آئینی سیاست سیکھنے کے مراحل میں ہے۔ اگر جمہوری سیاستدان ہوتے تو مارشل لا لگانے کی بات نا کرتے۔ یہ چاہتے ہیں اس نظام کو لپیٹ کر مجھے ملک کا بادشاہ بنائو۔ جب آپ پارلیمان کی بجائے کنٹینر کا انتخاب کرے گے تو بند گلی میں ہی جائے گے۔ 3/3
— SenatorSherryRehman (@sherryrehman) November 3, 2022
وزیرِ موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی والے چاہتے ہیں کہ حکومت کا نظام لپیٹ کر عمران خان کو ملک کا بادشاہ بنا دو۔ جب آپ پارلیمان کی بجائے کنٹینر کا انتخاب کریں گے تو بند گلی میں ہی جائیں گے۔