راولپنڈی: سابق وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اگست کا پہلا ہفتہ بہت اہم ہے جبکہ حکومت کی گوٹی ایسی پھنسی کہ انہیں لینے کے دینے پڑ سکتے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں عوامی لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ اگست کا پہلا ہفتہ ہی بہت اہم ہوگا اور سیاست کا رخ پتہ چل جائے گا۔ ان کی گوٹی پھنس گئی ہے اور یہ گوٹی ایسی پھنسی ہے کہ ان کو لینے کے دینے پڑ سکتے ہیں۔
سندھ اسمبلی کی مدت 13 اگست کو ختم ہوجائے گی۔ وزیر اعلیٰ
ٹوئٹر پیغام میں سابق وزیرِ داخلہ نے کہا کہ 15 مہینوں میں حکومت نے ایک تنکا نہیں توڑا۔ اس آخری ہفتے میں کون سی تلواریں چلا لیں گے؟ بھائی (نواز شریف) کو سفارتی پاسپورٹ دلوانے کے باوجود 15 مہینے میں نہیں لا سکے، اب خدا معلوم نواز شریف کس حال میں آئے گا، کب آئے گا؟
پیغام میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ کیا نواز شریف سیاست کر پائے گا؟ اسحاق ڈار کو جس تیزی سے لانچ کیا تھا وہ ٹریلر ہی چلا اور فلم سنسر بورڈ نے پاس نہیں کی۔ اب یہ پانچ آدمیوں کے نام جو دے رہے ہیں یہ پانچ آدمیوں کے نام اتنی آسانی سے سینسر بورڈ میں پاس نہیں ہوں گے۔
سابق وزیرِ داخلہ نے کہا کہ راجہ ریاض بھی اپنا کام ڈال سکتا ہے۔ اگست میں 85 رکنی کابینہ اور ان کے حکمران اپنے سائز اور اوقات میں آ چکے ہوں گے۔ ستمبر ستمگر ہوگا، سیاسی پارٹیاں جو توڑ پھوڑ کے عمل سے دوچار ہونے والی ہیں وہ کسی نتیجے پرنہیں پہنچ سکیں گی۔
عوامی لیگ کے سربراہ نے کہا کہ آخری ہفتے میں شہباز شریف نے جو افتتاحوں کا جمعہ بازار لگایا ہے، دن میں ایک درجن سے زائد افتتاح کرکے کارکردگی کی فوٹو گرافی کی جا رہی ہے۔ نہ حکومت کے پاس پیسے ہیں نہ وقت ہے اور نہ لوگ بے وقوف ہیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ نہ 9 من تیل ہوگا نہ رادھا ناچے گی۔ اب لوگوں کو شعور آ چکا ہے۔ ان کو پتا ہے کہ حقیقت کیا ہے اور دکھاوا کیاہے۔ یہ 51 ارب یا 60 ارب کی بجائے 100 ارب روپیہ بھی ممبروں کو بانٹ دیں اب لوگ عزت نفس اصول سچائی اور حقیقت کو ووٹ دیں گے۔
چور بازاری اور دکھاوے کو کوئی ووٹ نہیں ملیں گے۔ شیخ رشید نے کہا کہ سیاسی شکست اور سیاسی قبرستان ان کا مقدر ہو گا۔ جو لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ عوام بے وقوف ہے وہ خود بہت بڑے بیوقوف ہیں۔ عوام کو سب سمجھ ہے۔ جو مایوسی اس پی ڈی ایم کو ملنے والی ہے اس کا پی ڈی ایم کو اندازہ ہے۔
پندرہ مہینے میں چادر اور چاردیواری کو نیست و نابود کیا گیا ہے، شیخ رشید نے کہا کہ لوگوں کے گھروں میں بغیر وارنٹ بغیر کسی کیس کے داخل ہو کر توڑ پھوڑکے ساتھ خواتین کی بے حرمتی کی گئی۔ حاملہ عورتوں کی گرفتاریوں اور بچوں کو لاپتہ کرنے کے ساتھ پولیس نے جو رویہ رکھا ہے وہ انتہائی قابل مذمت ہے۔
اگست کا پہلا ہفتہ ہی بہت اہم ہوگا اور سیاست کا رخ پتہ چل جائے گا ان کی گوٹی پھنس گئی ہے اور یہ گوٹی ایسی پھنسی ہے کہ ان کو لینے کے دینے پڑ سکتے ہیں 15 مہینوں میں انہوں نے ایک تنکا نہیں توڑا اس آخری ہفتے میں کون سی تلواریں چلا لیں گے بھائی کو سفارتی پاسپورٹ دلوانے کے باوجود 15…
— Sheikh Rashid Ahmed (@ShkhRasheed) July 30, 2023
ان تمام لوگوں کو قانون کے کٹہرے میں ثبوت کے ساتھ لایا جائے گا۔ شیخ رشید نے کہا کہ خدا کے ہاں دیر ہے اندھیر نہیں ہے۔ اگر اللہ کو منظور ہوا اور میں زندہ رہا تو 13 اگست کی رات 10 بجے جشن آزادی لال حویلی کے باہر اسی جوش و خروش کے ساتھ منایا جائے گا اور 12 بجکر 1 منٹ پر شاندار آتش بازی کا مظاہرہ ہوگا۔