اسلام آباد:وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید مسئلہ کشمیر کی کشیدہ صورتحال پر کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے آزاد کشمیر کا دو روزہ دورہ کر رہے ہیں۔
شیخ رشید اظہارِ یکجہتی ریلی کی قیادت کے ساتھ ساتھ دھیر کوٹ میں جلسہ کریں گے جس میں پاکستان کی مسئلہ کشمیر کے حوالے سے پالیسی اور دیگر اہم امور پر عوام سے خطاب کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: مسئلہ کشمیر پر بحث کے لیے سینیٹ کا اجلاس 29 اگست کو طلب
اپنے خطاب میں وزیر ریلوے نریندر مودی حکومت کی طرف سے کشمیر کی آئینی حیثیت تبدیل کیے جانے کے بعد خطے کے امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال اور پاک بھارت کشیدگی کے معاملات پر بھی روشنی ڈالیں گے۔
دھیر کوٹ کے علاوہ شیخ رشید کوٹلی، راولا کوٹ، ہجیرہ اور باغ بھی جائیں گے اور آزاد کشمیر حکومت کے اہم رہنماؤں سے ملاقات کے ساتھ ساتھ عوام سے بھی یکجہتی کا اظہار کریں گے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وزیرِ ریلوے شیخ رشید احمد نے پیش گوئی کی تھی کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات کے راستے ختم ہو گئے اور اعلانِ جنگ ہو چکا ہے۔ بھارت کنٹرول لائن پر حملہ کر سکتا ہے اور 3 سے 6 مہینے میں کشمیر کا فیصلہ ہو جائے گا۔ قومی اسمبلی میں پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے اسرائیل جیسی صورتِ حال پیدا کر دی ہے۔
مزید پڑھیں:عالمی برادری کو خبردار کرتے ہیں کہ بھارت کشمیر میں جعلی آپریشن کرسکتا ہے۔وزیر اعظم