اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے دعویٰ کیا ہے کہ نواز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کیلئے جو سیکیورٹی بانڈ جمع کرانے کا کہا گیا ہے اس کی رقم العزیزیہ کیس کی مالیت کے برابر ہوگی۔
کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ نوازشریف کو انسانی بنیادوں پر باہر جانے دیا جارہا ہے، کابینہ کے کچھ ارکان نے کہا کہ فیصلے سے سیاسی طور پر نقصان ہوگا۔
شیخ رشید نے کہا کہ کابینہ کی اکثریت نے کہا کہ انسانی بنیادوں پر اجازت دینی چاہیے، کابینہ نے نوازشریف کو طبی بنیادوں پر باہر جانے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ کابینہ نے کہا کہ تمام قانونی لوازمات پورے کرنے کے بعد باہر جانے دیا جائے، زر ضمانت کی مالیت العزیزیہ کیس کی مالیت کے برابر ہوگی۔
شیخ رشید نے کہا کہ میں کابینہ کا رکن ہوں اور کابینہ کے فیصلے کے ساتھ کھڑا ہوں۔خیال رہے کہ وفاقی کابینہ نے نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی مشروط منظوری دی ، نواز شریف کو کہا گیا ہے کہ وہ سیکیورٹی بانڈ جمع کرائیں تو نام ای سی ایل سے نکلے گا۔
یہ بھی پڑھیں: کابینہ نے نوازشریف کانام ای سی ایل سے نکالنے کی مشروط منظوری دے دی