راولپنڈی: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں لگائے گئے کنٹینرز ہمارے راستے نہیں روک سکتے، اگر دھرنے کو روکنے کیلئے بُلٹ کا استعمال کیا گیا تو سارے ملک میں سیاسی آگ لگ جائے گی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں شیخ رشید نے کہا کہ آرمی چیف کے بیان کے بعد افواہیں ختم ہوگئیں۔ اب فوری الیکشن ہونے چاہئیں۔ حکومت اسلام آباد کے 25 لاکھ لوگوں کو قلعہ بند کریگی تو لوگ اسلام آباد کے اندر اور مارگلہ کی پہاڑیوں سے نکلیں گے۔
ٹوئٹر پیغام میں سابق وزیرداخلہ نے کہا کہ بیلٹ کے مقابلے میں بُلٹ کا استعمال سارے ملک میں سیاسی آگ لگا دےگا۔ تباہ حال معیشت خطرناک بحران میں داخل ہوجائے گی۔ اسلام آباد کے لوگوں نے محصور ہونے کے خوف سے گھروں میں راشن ڈالنا شروع کردیا ہے۔
خیبرپختونخوا میں عوام کی زندگیاں خطرے میں، حکومت طبی فضلے کو ٹھکانے لگانے میں ناکام
اُن کا کہنا تھا کہ وزرا کی تعداد 75، جن میں 22 بےمحکمہ ہیں۔کنٹینر راستے نہیں روک سکتے۔ فوج بلانے اور آرٹیکل 245 لگانے کا خواب دیکھنا چھوڑ دیں۔ عظیم فوج کبھی بھی اپنے لوگوں پر گولی نہیں چلائے گی۔ مذاکرات کی میز پر لائے گی اور صاف شفاف الیکشن کرائے گی۔