کراچی: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے اعتراف کیا ہے کہ عوام کا مسئلہ مہنگائی کے ساتھ ساتھ بجلی اور گیس کے بلز ہیں، آئندہ ہفتے ان تمام معاملات پر اچھے فیصلے متوقع ہیں۔
شہرِ قائد میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ جب تک بلز کنٹرول نہیں کیے جاتے، مہنگائی میں کمی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا تاہم معاشی ٹیم بجلی اور گیس کی قیمتیں کم نہیں کرنا چاہے گی۔
گفتگو کے دوران وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ ہم نے درخواست کی ہے کہ بجلی اور گیس کی قیمتیں کم ہونی چاہئیں، وفاقی کابینہ میں بھی وزراء چاہتے ہیں کہ قیمتوں میں کمی لائی جائے۔ ایک وزیر نے مطالبہ بھی کیا۔
وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ پٹرول کی قیمتوں میں کمی لانے کا اثر احساس پروگرام پر پڑ سکتا ہے۔ پیسہ بنانے والا مافیا پاکستان میں ہر سیاسی پارٹی کو چندہ دے کر اپنا کام چلارہا ہوتا ہے۔
وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ پرائس کنٹرول کمیٹیوں پر غور کی ضرورت ہے۔ عرصے سے کام کرنے والا مافیا ان سے کنٹرول نہیں ہوگا۔ چینی مافیا، گندم اور آٹا مافیا کو لگام دینا ضروری ہے جو کمیٹیاں نہیں کرسکتیں۔ ان پر کام ضروری ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے خلوص و دیانت پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا، تاہم ووٹرز کے ساتھ زیادتی ہوئی۔
وفاقی دارالحکومت میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ تحریکِ انصاف کی حکومت قائم رہے گی، ہمیں کوئی خطرہ نہیں ہے لیکن لوگ افواہیں پھیلانے میں مصروف ہیں۔
مزید پڑھیں: وزیر اعظم کے خلوص پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا۔ شیخ رشید احمد