پاکستان کے نوجوان کوہ پیما شہروز کاشف نے ایک بار پھر پاکستان کانام روشن کرتے ہوئے تاریخ رقم کردی اور اب 8000 میٹر سے بلند تمام 14 چوٹیاں سر کرنے والے کمسن ترین پاکستانی بن گئے ہیں۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق مشہورومعروف پاکستانی کوہ پیما شہروز کاشف نے آج صبح شیشا پنگما کی چوٹی سر کرلی، جس کے بعد شہروز کاشف سرباز خان کے بعد دوسرے پاکستانی بن گئے جس نے تمام 14 بلندترین چوٹیاں سرکرلی۔ سرباز نے گزشتہ ہفتے یہ اعزاز اپنے نام کیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق اس سے قبل نوجوان کوہ پیما شہروز کاشف نے 8000 میٹر سے بلند تمام تر چوٹیاں سر کرنے کی مہم 2019 میں شروع کی اور صرف 17سال کی عمر میں 8 ہزار47 میٹر بلند براڈ پیک کو سر کرکے یہ ثابت کیا کہ وہ عالمی سطح پر 8 ہزار میٹر سے بلند چوٹیاں سر کرسکتے ہیں۔
آج سے 3سال قبل 2021 میں شہروز کاشف نے دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایوریسٹ، مناسلو اور کے ٹو جیسی چوٹیوں کو سر کیا۔ 2022 میں انہوں نے لوٹسے، مکالو، نانگا پربت، کینچنجونگا، گیشر برم 2 اور برم ون سر کرکے اپنی بے مثال مہارت کو ثابت کردیا۔
گزشتہ برس بھی شہروز کاشف نے اناپورنا، داولا گیری اور چوایو کی چوٹیاں سرکرکے اہم کارنامے سرانجام دئیے۔ اسی دوران شہروز کاشف ایک حادثے میں لاپتہ ہوگئے تاہم انہیں دوبارہ تلاش کرلیا گیا تھا، لاپتہ نہ ہونے کی صورت میں شہروز کاشف شیشا پنگما سر کرکے بڑا اعزاز اپنے نام کرسکتے تھے۔
اپنی حالیہ کامیابی پر شہروز کاشف کا کہنا ہے کہ یہ سب کچھ حاصل کرنا میرے لیے آسان نہیں تھا، مجھے علم تھا کہ یہ انتہائی مشکل ہوگا اور میری جان جانے کا حقیقی خطرہ بھی تھا، لیکن میری توجہ اپنے ہدف پر مرکوز رہی۔ کامیابی صرف پہاڑ سر کرنے کی نہیں ہے۔
شہروز کاشف نے کہا کہ مجھے احساس ہوا ہے کہ کامیابی خوف، شک اور حدود پر قابو پانے کے متعلق ہے اور میرے لیے یہ سب کچھ کسی معجزے سے کم نہیں ہے۔