اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ شہباز شریف کا وزیراعظم بننے کا خواب ٹوٹ کر کرچی کرچی ہو جائے گا۔
وزیر توانائی حماد اظہر اور معاون خصوصی شہباز گل کے ہمراہ مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریاست کا فرض ہے کہ وہ اپنے سربراہان کی حفاظت کے لئے اقدامات اٹھائیں، شہباز شریف کا وزیراعظم بننے کا خواب چکنا چور ہو گا، باپ اور بیٹے دونوں کا وزیراعظم اور وزیراعلیٰ بننے کا خواب پورا نہیں ہوگا۔
وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ وفاقی ایجنسیوں کے تھریٹ کے بعد وزیراعظم عمران خان کی سیکیورٹی میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ والد صاحب ادھر وزیراعظم کے امیدوار بن رہے جب کہ بیٹا وزارت اعلیٰ کے امیدوار ہیں جب کہ دونوں ہی ضمانت پر رہا ہیں۔ کوئی شرم ہوتی ہے کوئی حیا ہوتی ہے، یہ ملک ہے، اسے تماشہ ہی بنا دیا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا ہے کہ ہم شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی ضمانت کی منسوخی کیلئے کارروائی کریں گے، تحریک عدم اعتماد میں ابھی اڑتالیس گھنٹے باقی ہیں، بہت سی چیزیں ابھی ہونی ہیں۔
مزید برآں فواد چوہدری نے کہا کہ انشاء اللہ اگلے وزیراعظم عمران خان ہی ہوں گے، جو لوگ شیروانیاں سلوا کر بیٹھے ہیں، ان کی شیروانیاں ٹنگی رہیں گی، ان کو پاجامے نہیں ملیں گے، کسی طور بھی ملک کے عوام اجازت نہیں دیں گے کسی باہر کے ملک کے بیٹھ کر سازش سے پاکستان میں حکومت تبدیل کر دی جائے۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان ایک ضدی اور ڈھیٹ آدمی ہے، جس کا کوئی علاج نہیں، شہباز شریف