شیخوپورہ: سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم نے 16 ماہ میں ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچا لیا جبکہ نواز شریف نے 4سال میں لوڈ شیڈنگ ختم کردی تھی۔
تفصیلات کے مطابق شیخوپورہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ن لیگ کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ مخالفین کا سوال ہے کہ ہم نے 16 ماہ میں کیا کِیا؟ ن لیگ نے ریاست بچائی ، سیاست کو نقصان پہنچا لیکن سیاست واپس آجائے گی۔
پاکستان کا فلسطین پر اسرائیلی قبضے، مظالم اور تشدد پر اظہارِ تشویش
خطاب کے دوران شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف 21اکتوبر کو وطن واپس آئیں گے، 2013 میں ہونے والی 20، 20 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کو نواز شریف نے 4 سال میں ختم کردیا تھا۔ ملک سے دہشت گردی بھی ختم کی گئی۔
سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف کے دور میں ڈالر کی قیمت 105 روپے پر تھی، عوام کی خواہش ہے کہ پاکستان پھر ترقی کرے، نواز شریف نوجوانوں میں لیپ ٹاپ تقسیم کریں گے۔ 21اکتوبر کو مینارِ پاکستان پہنچیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف آگیا تو بجلی اور آٹا سستا ہوگا، لوگوں کو روزگار ملے گا، 21 اکتوبر کو نواز شریف عوام کے درمیان ہوں گے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ عالمی برادری مظلوم فلسطینیوں اور کشمیری قوم کو ان کا حق دے۔