کراچی: قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ کراچی شہر نے بہت فرض ادا کیا ہے،اب اسکا حق اسکو دیا جائے،وفاقی وزیر یہاں آئیں اور تمام اسٹیک ہولڈرز سے ملیں، مسائل کا حل کریں۔
کراچی آمد کے موقع پر ایئر پورٹ اور ملیر،یار محمد گوٹھ آغا ٹاؤن اور ملحقہ آبادیوں کے بارش متاثرین سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بارشوں کی تباہی کاریوں سے متاثرہ بھائی، بہنوں اور بچوں کے ساتھ تعزیت کیلئے آیا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت پوری قوم کی ہمدردیاں کراچی اور سندھ واسیوں کے ساتھ ہیں،یہ روشنیوں کا شہر ہے، ہم حکومت سندھ کے ساتھ بھی اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ اس وقت ان حالات میں سیاست نہیں کرنی ،نواز شریف کاپیغام ہے کہ وفاق سندھ حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کرے،مکانات تباہ ہوگئے، فصلیں برباد ہوگئی ہیں،حکومت مناسب مالی معاونت کا بندوبست کرے۔
انہوں نے کہا کہ اگر کراچی کیلئے وعدوں اور دعوؤں کی بجائے کام کیا جاتا تو آج یہ حالات نا ہوتے،میری حکومت سے اپیل ہے کہ یہ وقت سیاست کا نہیں ہے،162 ارب روپے کا جو اعلان کیا گیا تھا اس میں سے میرا نہیں خیال کہ کچھ دیا گیا ہے۔
اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ گرین لائن، کے فور وفاق کے منصوبے جو میاں نواز شریف نے دئیے،عمران خان کی حکومت میں جو بھی بڑے بڑے اسکینڈلز آئے ہیں اسکا جواب دیں۔
مزید پڑھیں:کراچی میں نالوں پر تجاوزات ختم کرنے کیلئے آپریشن شروع