وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان کی شمولیت کو ورلڈ اکنامک فورم اور ڈیجیٹل کوآپریشن آرگنائزیشن کے مشترکہ ڈیجیٹل فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ منصوبے کا حصہ بننے پر خوش آئند قرار دیا ہے۔
وزیر اعظم نے اس بات کو اجاگر کیا کہ پاکستان فورم کے تحت اس منصوبے کو اپنانے والا پہلا ملک ہے۔ پاکستان کا پہلا ڈیجیٹل ایف ڈی آئی منصوبہ ملک میں ڈیجیٹل ترقی کو تیز کرنے کے لیے “ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کا فریم ورک”، “ڈیجیٹائزیشن کا فروغ”، “نئے ڈیجیٹل منصوبے” اور “ڈیجیٹل خدمات کی برآمدات” پر توجہ مرکوز کرے گا۔
ان کوششوں سے ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا اور پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کو تقویت ملے گی۔ انہوں نے اس منصوبے کو ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ سرمایہ کار دوست ماحول پیدا کرنے، پاکستان کو جامع ڈیجیٹل معیشت کی جانب گامزن کرنے اور پائیدار ترقی اور خوشحالی کے لیے معاون ثابت ہوگا۔
پاکستان میں اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے جدید کارگو ٹریکنگ نظام نصب کرنے کا فیصلہ
وزیر اعظم نے زور دیا کہ یہ اقدام حکومت کی معاشی ترقی کو فروغ دینے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
ڈیجیٹل کوآپریشن آرگنائزیشن ایک عالمی تنظیم ہے جو رکن ممالک کے درمیان ڈیجیٹل معیشت میں تعاون کو فروغ دینے، جدت طرازی کو تقویت دینے، اور ڈیجیٹل تبدیلی کے ذریعے پائیدار معاشی ترقی کی حوصلہ افزائی کے لیے کام کرتی ہے۔
ورلڈ اکنامک فورم ایک بین الاقوامی تنظیم ہے جو عالمی اقتصادی، سماجی اور ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے عوامی اور نجی شعبے کے تعاون کو فروغ دینے کے لیے وقف ہے۔
یہ تنظیم اپنی سالانہ کانفرنس کے لیے مشہور ہے، جو ڈیووس، سوئٹزرلینڈ میں منعقد ہوتی ہے اور عالمی رہنماؤں، کاروباری شخصیات، ماہرین اور دیگر نمایاں شخصیات کو اکٹھا کرتی ہے تاکہ اہم عالمی مسائل اور مواقع پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔