کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے کراچی میں گیس کی قلت کی وجوہات بیان کرنے کیلئے ڈائریکٹر ایس ایس جی سی (سوئی سدرن گیس کمپنی) کو طلب کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں کراچی میں گیس کی قلت کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی جس کے دوران درخواست گزار محمود اختر نقوی نے کہا کہ گیس کی لوڈ شیڈنگ کے باعث عوام کی زندگی اجیرن ہوچکی، گھروں میں گیس نہ ہونے کے باعث روٹی تندور سے لانی پڑتی ہے۔
درخواست گزار نے کہا کہ 9 دسمبر 2020ء کو عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کی گئی اور جواب طلبی کے باوجود کوئی جواب نہیں دیا گیا۔ ایم ڈی ایس ایس جی سی کو طلب کیا جائے۔ فاضل جج نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ڈائریکٹر سوئی سدرن کو بلا لیتے ہیں، ان سے پوچھتے ہیں گیس کی قلت کی وجوہات بتائیں۔
سندھ ہائی کورٹ نے ہدایت کی کہ ایس ایس جی سی کے حکام آئندہ سماعت میں پیش ہو کر بتائیں کہ کراچی میں گیس کی قلت کیوں ہے اور اگر قلت پر قابو پانے کیلئے کوئی اقدامات کیے جارہے ہیں تو وہ کیا ہیں۔ درخواست گزار کا کہنا تھا کہ عوام الناس کو گیس کی کمی کے باعث شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سندھ ہائی کورٹ کا حکم حکم پر پی ڈی اورنگی عہدے پر بحال