اسلام آباد: وفاقی وزیرِ تخفیفِ غربت و سربراہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام شازیہ مری نے کہا ہے کہ ملک ڈیفالٹ کی طرف جارہا تھا، وفاقی حکومت نے سنبھال دیا۔
تفصیلات کے مطابق اپنے ایک ویڈیو بیان میں وزیرِ تخفیفِ غربت شازیہ مری نے کہا کہ ہم جن حالات میں ملک کو سنبھال رہے ہیں، ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ عوام سے بھی دعا کی درخواست کریں گے۔
اسٹیٹ بینک نے شرح سود 3فیصد بڑھا کر 20 فیصد کردی
ویڈیو بیان میں وفاقی وزیر شازیہ مری نے کہا کہ عوام دعا کریں کہ ملک میں استحکام ہو۔ ہمیں سیاسی استحکام کی اشد ضرورت ہے۔ عمران نیازی کو یہی سمجھا رہے ہیں کہ تمہیں کرسی مل جائے گی، خدارا اس ملک کا پہلے سوچو۔
بیان میں شازیہ مری نے کہا کہ ملک کے استحکام کا پہلے سوچنا ہوگا۔ یہاں سیاسی استحکام ہوگا تو معاشی استحکام اور سرمایہ کاری آئے گی۔ اگر یہاں روز ہڑتال ہوگی یا لوگ اسلحے کے ساتھ نکلیں گے تو یہاں سرمایہ کاری کون کرے گا؟
وفاقی وزیر شازیہ مری نے کہا کہ اگر لوگ یہ دیکھیں گے کہ عدالتوں پر حملے ہورہے ہیں۔ جب عدالتوں کے دروازوں سے زیادتی کی جاتی ہے تو یہ تصویریں دنیا میں جاتی ہیں۔ ان تمام حالات سے ملک کا نام روشن نہیں ہوتا۔