سڈنی: آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شین واٹسن کا کہنا ہے کہ شین وارن اْن کے ہیرو اور سرپرست تھے۔
آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شین واٹسن نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ میں چونک گیا ہوں، میرا ہیرو، میرا سرپرست، میرا عظیم دوست، شین وارن اب ہم میں نہیں رہے۔
انہوں نے شین وارن سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ اس عظیم کھیل اور اس کے آس پاس کے ہر فرد پر آپ کا جو اثر پڑا ہے وہ بہت زیادہ ہے۔ شین واٹسن نے لکھا کہ میرے لیے بہت اچھے ہونے کے لیے آپ کا شکریہ، میں آپ کو بہت یاد کروں گا۔
دوسری جانب تھائی پولیس نے کہاہے کہ آسٹریلیا کے لیجنڈری لیگ اسپنر شین وارن کو موت سے قبل سینے میں درد سمیت دیگر طبی مسائل کا سامنا تھا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق تھائی لینڈ کی پولیس نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ موت سے قبل شین وارن کو سینے میں درد کی شکایت تھی، انہیں دمہ اور دل کی صحت کے مسائل لاحق تھے۔
تھائی پولیس کے مطابق یہ تفصیلات انہیں آنجہانی شین وارن کے خاندان کے افراد نے بتائی ہیں، شین وارن نے دل کے علاج کیلئے ڈاکٹرکو بھی دکھایا تھا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز شین وارن تھائی لینڈ کے علاقے کو ساموی میں اپنے وِلا میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے، ان کے ترجمان کا کہناتھا کہ شین وارن کا انتقال حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے ہوا۔ میڈیکل ٹیم نے انہیں بچانے کی پوری کوشش کی لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے۔
مزید پڑھیں: آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ، بھارت نے پاکستان کو شکست دے دی