شکست تسلیم کرنے کی بجائے وفاقی کابینہ الیکشن کمیشن پر حملہ آور ہوئی۔شاہد خاقان عباسی

مقبول خبریں

کالمز

Ceasefire or a Smokescreen? The US-Iran Next Dialogue of Disillusions
جنگ بندی یا دھوکہ؟ امریکا اور ایران کے درمیان فریب پر مبنی اگلا مکالمہ
Israel-Iran War and Supply Chain of World Economy
اسرائیل ایران جنگ اور عالمی معیشت کی سپلائی چین
zia-2-1-3
بارہ روزہ جنگ: ایران اور اسرائیل کے نقصانات کا جائزہ

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

شاہد خاقان عباسی
(فوٹو: آن لائن)

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما و سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت نے سینیٹ انتخابات میں اپنی شکست تسلیم نہیں کی، شکست تسلیم کرنے کی بجائے وفاقی کابینہ الیکشن کمیشن پر حملہ آور ہوئی۔

تفصیلات کے مطابق شہرِ اقتدار میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان نے حکومت کے الیکشن کمیشن پر اظہارِ عدم اعتماد پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ وفاقی کابینہ الیکشن کمیشن پر حملہ آور ہوئی۔ چیئرمین نیب سپریم کورٹ کے جج نہیں ہیں۔

سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہار تسلیم کرنے کی بجائے حکومت نے الیکشن کمیشن پر عدم اعتماد کا اظہار کیا۔ الیکشن کمیشن کے 20 پریزائڈنگ افسران حکومت اٹھا کر لے گئی تھی۔ سینیٹ الیکشن میں حکومت، وزیرِ خزانہ اور وزیرِ اعظم ناکام ہو گئے۔

ن لیگ کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ یہ وہی حکومت ہے جس نے الیکشن چوری کرنے کی کوشش کی۔ خفیہ کیمرے لگا کر یہ جاننے کی کوشش کی گئی کہ کس کو ووٹ ڈالا گیا۔ ہدایات میں واضح ہے کہ خانے کے اندر کہیں بھی مہر لگائی جاسکتی ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ 100 سیٹوں والے الیکشن کیلئے بھی کیمرے لگتے ہیں۔ اخلاقی قدریں ہوتیں تو چیئرمین سینیٹ کہتے کہ میں ہار گیا ہوں۔ یہ معاملہ چلنے والا نہیں ہے، نہ چل سکتا ہے۔ یہ لوگ بے نقاب ہوں گے۔ یہی لوگ عدالتوں کے سامنے کھڑے ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیرِ خزانہ کی الیکشن مہم وزیرِ اعظم خود چلا رہے تھے۔ سینیٹ الیکشن 2018ء کے عام انتخابات کا ری پلے ہے۔ ملک یہ ری پلے برداشت نہیں کرسکتا۔ یہ لوگ بے نقاب ہو کر عدالتوں میں اصلی کیسز میں کھڑے ہوں گے جو اپنی کرسی کیلئے کچھ بھی کرنے کو تیار ہیں۔

آج ہونے والے پی ڈی ایم اجلاس، حکومت مخالف تحریک اور اسمبلیوں سے استعفوں  کے حوالے سے سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ن لیگ کا مؤقف واضح ہے کہ اسمبلیاں ٹھیک نہیں ہیں، ان کو ختم ہونا چاہئے جس کا فیصلہ آج پی ڈی ایم پلیٹ فارم سے ہوجائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: اسمبلیوں سے استعفے دینے کا معاملہ، حتمی فیصلہ پی ڈی ایم اجلاس میں ہوگا

Related Posts