پاکستان کے مایہ ناز بیٹسمین شاہد آفریدی بنگلہ دیشی پریمئر لیگ میں کھاتہ کھولے بغیر ہی آؤٹ ہو گئے۔ صفر پر آؤٹ ہونے والے شاہد آفریدی کی طرف سے یہ عمل 100ویں بار ہوا، اس لیے وہ رنز بنائے بغیر بھی سنچری مکمل کر گئے۔
بوم بوم آفریدی کہلانے والے شاہد آفریدی بنگلہ دیشی پریمئر لیگ میں ڈھاکا پلاٹون اور رج شاہی رائلز کے درمیان مقابلے میں بیٹنگ کے لیے آئے لیکن اپنی ٹیم کے لیے کوئی اسکور نہ کرسکے۔
بین الاقوامی کرکٹ کے دوران شاہد آفریدی 44 بار صفر پر آؤٹ ہوچکے ہیں، ٹی ٹوئنٹی میں کل 8 میچز جبکہ ڈومیسٹک فرسٹ کلاس کرکٹ میں 56 بار ایسا موقع آیا جب بوم بوم آفریدی کوئی رنز نہ بنا سکے۔
اگر ہم مسابقتی کرکٹ کے 56 اور 44 کے اعدادو شمار کو جمع کریں تو یہ حقیقت سامنے آتی ہے کہ شاہد آفریدی گزشتہ روز مجموعی طور پر 100ویں بار صفر پر آؤٹ ہوئے جسے بلا شبہ ان کی ایک اور سنچری قرار دیا جاسکتا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا کہ فی الحال لاہور قلندرز کی نمائندگی کر رہا ہوں، تاہم اگر موقع ملا تو قومی انڈر 19 کرکٹ کا کوچ بننا پسند کروں گا۔
میڈیا نمائندگان سے بات چیت کرتے ہوئے اسٹار کرکٹر شاہد آفریدی نے کہا کہ کوچنگ میرے مزاج سے الگ چیز ہے، تاہم اگر موقع دیا گیا تو قومی کرکٹ کی بجائے انڈر 19 کوچنگ کو ترجیح دوں گا۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ میں اس وقت مکمل طور پر فٹ اور فارم میں ہوں۔ اچھی کرکٹ کھیلنا اور دیکھنا چاہتا ہوں۔ لاہور قلندرز کی طرف سے اچھا کھیل پیش کرنے کی کوشش ہوگی جبکہ کوچ کے طور پر موقع دیا گیا تو نوجوان کھلاڑیوں کی اچھی رہنمائی کروں گا۔
مزید پڑھیں: انڈر 19 کرکٹرز کا کوچ بننا پسند کروں گا۔شاہد آفریدی