قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور آفریدی فاؤنڈیشن کے روحِ رواں شاہد خان آفریدی بلوچستان میں کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے نافذ لاک ڈاؤن کے دوران مستحقین کی امداد میں مصروف ہو گئے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ اور فوٹو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر اپنے پیغام میں کرکٹ اسٹار شاہد آفریدی نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کو بر وقت امداد، انفراسٹرکچر اور تعلیمی عمل کی بحالی کے سوا کچھ نہیں چاہئے۔
سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا کہ شاہد آفریدی فاؤنڈیشن بلوچستان میں موجود عمر رسیدہ، بے یارومددگار اور جسمانی معذوری کا شکار افراد کی مدد کیلئے یہاں آئی ہے جبکہ ہم یہاں ڈونیٹ کرونا کی مہم چلا رہے ہیں۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ راشن مہم کے دوران ہم نے بلوچستان کے شہر نوشکی میں 500 خاندانوں کی امداد کی تاکہ کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے نافذ لاک ڈاؤن کے دوران کوئی مستحق امداد سے محروم نہ رہ جائے۔
انہوں نے راشن کے ذریعے امداد کی مہم میں مدد دینے کیلئے ڈپٹی کمشنر نوشکی کیپٹن جمیل، ایف سی آفیسرز اور پاک فوج کا شکریہ ادا کیا جبکہ تصاویر میں سابق کپتان کو ماسک اور پگڑی پہنے عوام کی امداد کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
https://www.instagram.com/p/CA-ZhjslpL2/