سابق جارح مزاج کرکٹر شاہد آفریدی نے دریائے سوات میں سیاحوں کے ڈوبنے کے واقعے پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
اپنی ٹوئٹ میں شاہد آفریدی کا کہنا تھاکہ دریائے سوات میں ڈوبنے والے معصوم لوگ آخری لمحے تک بے بسی کی تصویر بن کر یہ انتظار کرتے رہے کہ شاید کوئی انہیں بچا لے گا۔
انہوں نے مزید لکھا کہ مگر انہیں اندازہ نہیں تھا کہ جن کی یہ ذمہ داری ہے، ان کی ترجیحات کچھ اور ہیں۔
خیال رہے کہ آج دریائے سوات کا سیلابی ریلا 17 سیاحوں کو بہا لے گیا، 9 افراد جاں بحق اور 4 کو بچالیا گیا جبکہ چار کی تلاش جاری ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق صبح ناشتے کے بعد سیاحوں نے تصویریں لینے کے لیے دریا کے خشک حصے کا رخ کیا، اس دوران اچانک بے رحم موجوں نے انہیں گھیر لیا، لوگ جان بچانے کے لیے ٹیلے پر چڑھ گئے، مدد کے لیے پکارتے رہے لیکن دریا کا بہاؤ اتنا تیز تھا کہ کوئی اس کے سامنے ٹھہر نہ سکا۔
لوگوں کو بچانے کی مقامی افراد کی کوششیں بھی ناکام ہوگئیں، ڈوبنے والوں میں 10 کا تعلق سیالکوٹ، 6 کا مردان اور ایک سوات کا رہائشی تھا۔