راولپنڈی : شہباز شریف کی بہن کے داماد کی میاں اسلم بشیرکے گھر پرفائرنگ ، گارڈ زخمی ،گیراج میں کھڑی گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے ، تھانہ ماڈل ٹاؤن میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی بہن کوثرکے داماد فرقان ادریس اور اس کے بھائی عمر ادریس نے ماڈل ٹاؤن میں گزشتہ رات 2بجے شراب کے نشے میں دھت ہوکر اپنے ہمسائے میاں اسلم بشیر کے گھر اندھا دھند فائرنگ کردی۔ فائرنگ کے نتیجے میں گھر کے باہر سکیورٹی گارڈ کو بھی گولیاں لگیں اور گھر کے گیراج میں کھڑی قیمتی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔
ماڈل ٹاؤن میں شہباز شریف کے گھر کیساتھ ملحقہ گھر کے رہائشی میاں اسلم بشیر کا کہنا ہے کہ ہم لوگ سو رہے تھے کہ رات کے دو بجے فائرنگ کی آواز آئی، جب کھڑکی سے باہر دیکھا تو فرقان ادریس اور عمر ادریس اپنے دیگرساتھیوں کے ہمراہ ان کے گیٹ پر اور گھر کے اندر فائرنگ کررہے تھے اور مسلسل کہہ رہے تھے کہ آج کسی کو نہیں چھوڑیں گے۔
میاں اسلم بشیر کا کہنا ہے کہ ہم نے فوراً 15پر کال کی اور پولیس کے آنے کے بعد دونوں بھائی ساتھیوں سمیت بھاگ گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ پہلا واقعہ نہیں کہ ان پر فائرنگ کی گئی ہو بلکہ شہباز شریف کے دور حکومت میں بھی ایسے متعدد واقعات رونما ہوتے رہے ہیں لیکن اس وقت ہماری کوئی دادرسی نہیں ہوتی تھی پولیس معمولی کارروائی کرتی تھی اور معاملہ رفع دفع ہو جاتا تھا۔
مزید پڑھیں :پارک ویو سوسائٹی ،تھانہ بنی گالہ کی حدود میں ملوٹ کی زمینوں پر قبضہ مافیا کا راج